کروڑوں نوری سال دور موجود کہکشاں کی تصویر جاری
لندن(نیٹ نیوز)یورپین سپیس یجنسی کی جانب سے جاری کی گئی ایک نئی حیرت انگیز تصویر نے مناظر دیکھنے والوں کو مسحور کر دیا ہے ۔خلا میں موجود ہبل ٹیلی سکوپ سے لی گئی اس تصویر میں سپائرل کہکشاں چمکتی ہوئی دیکھی جا سکتی ہے ۔
زمین سے تقریباً 5 کروڑ 30 لاکھ نوری سال کے فاصلے پر کانسٹیلیشن اینٹلیا میں موجود اس کہکشاں میں ماہرینِ فلکیات خاص دلچسپی رکھتی ہے ، کیونکہ یہ ہماری اپنی ملکی وے جیسی کہکشاؤں کے نظام کو سمجھنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے ۔اس تصویر میں بے شمار ستاروں کے جھرمٹ واضح دکھائی دیتے ہیں، جہاں گرد و غبار اور گیس کے بادل سکڑ کر نئے ستاروں کو جنم دیتے ہیں۔ اس گروپ میں دو بڑی سپائرل کہکشائیں شامل ہیں، جبکہ ان کے گرد کئی چھوٹی بونی کہکشائیں بھی موجود ہیں۔تصویر کو چھ مختلف رنگوں کی روشنیوں کو ملا کر تیار کیا گیا، جس سے کہکشاں کے کئی حیران کن پہلو نمایاں ہوئے ۔