بنگلادیش کو جلد آؤٹ کرکے ہدف حاصل کرینگے :سلمان

بنگلادیش کو جلد آؤٹ کرکے ہدف حاصل کرینگے :سلمان

اس وقت کچھ نہیں کہہ سکتے کہ کس کو برتری حاصل ہے ، قومی آل راؤنڈر

ڈھاکا(سپورٹس ڈیسک)قومی آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ بنگلادیش کو جلد سے جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے اور پھر جو ہدف ملے گا اُس کو حاصل کریں گے ۔ بارش کے سبب بولرز کو تبدیل کرنے کا پلان بدل دیا۔ڈھاکا میں پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ اس وقت آپ کچھ نہیں کہہ سکتے کہ کس کو ٹیسٹ میں برتری حاصل ہے ، پانچواں روز بڑا دلچسپ ہو گا۔ ہم انہیں جلد از جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے ، یہی ہماری حکمت عملی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر بنگلادیش بہادری کا مظاہرہ کرتے ہیں اور 70 اوورز میں 260 رنز کا ٹارگٹ دیتے ہیں تو یقینی طور پر ہم جیت کے لیے جائیں گے لیکن مجھے نہیں لگتا وہ ایسا کریں گے ۔ پاکستانی بیٹر نے کہا کہ دوسرے روز ہم نے بہت اچھا کھیلا، ہم نے جلد آؤٹ بھی کیا اور بیٹنگ بھی اچھی کی تھی۔ پہلے دن ہم آگے نہیں تھے تیسرا روز ملا جلا رہا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ جب کھیل رہے ہوتے ہیں تو جیتنا ہی ترجیح ہوتا ہے ۔ پانچویں روز اگر 30، 40 اوورز میں 300 ٹارگٹ ملے تو یہ مشکل ہوتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بولرز نے اچھی بولنگ کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں