ڈھاکا ٹیسٹ : بنگلادیش کو 179 رنز کی سبقت، پوزیشن مستحکم
کھیل کے چوتھے دن اختتام پر بنگلادیش کے دوسری اننگز میں 3وکٹوں پر 152 رنز ،شانتو 58 ،مشفق 16 رنز بنا کر کریز پر موجود چوتھے روز بارش کے سبب تقریباً تین گھنٹے کھیل نہیں ہوسکا،محمد عباس ،حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی
ڈھاکا (سپورٹس ڈیسک)ڈھاکا ٹیسٹ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر بنگلادیش نے دوسری اننگز میں 3وکٹوں پر 152 رنز بنالیے اور پاکستان پر 179 رنز کی مجموعی سبقت حاصل کرلی۔ڈھاکا میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بنگلادیشی اوپنرز نے گزشتہ روز کے 7 رنز کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا۔بنگلادیش کا سکور 15 رنز پر پہنچا تو محمد عباس نے میزبان ٹیم کے اوپنر محمود الحسن جوئے کو پویلین کی راہ دکھائی۔بنگلا دیش کی دوسری وکٹ 23 رنز پر گر گئی، شادمان اسلام 10 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے ۔
تیسری وکٹ پر مومن الحق اور نجم الحسین شانتو نے 105 رنز کی شراکت بنائی، تاہم 128 رنز کے مجموعے پر مومن الحق 56 رنز بنا کر شاہین آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے ۔ کھیل کے اختتام تک بنگلادیش نے 3 وکٹوں پر 152 رنز بنالیے اور بنگلادیش کو مجموعی طور پر 179 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ چوتھی وکٹ پر نجم الحسین شانتو اور مشفق الرحیم نے 24رنز کی شراکت بنالی، شانتو 58 اور مشفق الرحیم 16 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔چوتھے روز بارش کے سبب تقریباً تین گھنٹے کھیل نہیں ہوسکا۔ واضح رہے کہ پہلی اننگز میں بنگلادیش کی ٹیم 413 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی ،پاکستان کے محمد عباس نے 5 اور شاہین آفریدی نے 3وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔قومی ٹیم پہلی اننگز میں 386 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور یوں بنگلادیش کو پہلی اننگز میں 27 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔