کرغز صدر اسلام آباد پہنچ گئے ، 21توپوں کی سلامی
صدر ، وزیراعظم کا نورخان ایئربیس پر پرتپاک استقبال کیا، خوشگوار جملوں کا تبادلہ کرغز صدر سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں اور بزنس فورم سے خطاب کرینگے
اسلام آباد (نامہ نگار،اے پی پی،دنیا نیوز) کرغزستان کے صدر صادرژپاروف 2روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ، نورخان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور معزز مہمان کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کرغز صدر کا خیر مقدم کیا، وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی استقبال کیلئے موجود تھے ۔ کرغزستان کے صدر طیارے سے باہر آئے تو صدر آصف علی زرداری ان سے بغلگیر ہوئے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے پرجوش مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے کرغز صدر صادر ژپاروف کو پھول پیش کئے ۔کرغز صدر کا اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم سے خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ دونوں ملکوں کے پرچم تھامے بچوں نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ صدر صادر ژپاروف دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف ، صدر آصف علی زرداری اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ۔ وہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے ہیں۔ دورے کے دوران کرغزستان کے صدر اسلام آباد میں بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے ۔ کرغزستان کے صدر کے ساتھ وفد میں اعلیٰ سرکاری عہدیدار اور کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں ۔امکان ہے دورہ کے دوران متعدد اہم معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے ۔