عمران خان عوام کی آواز
لاہور (کورٹ رپورٹر، آئی این پی ) بانی پی ٹی آ ئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی نے کہا ہے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگائیں پھر دیکھیں کیا ہوتا ہے ، بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے اور اب انہیں ٹارچر کیا جا رہا ہے ، عمران خان عوام کی آواز ہے۔
عوام کی آواز کو بند کرنا چاہ رہے ہیں۔جمعہ کو لاہور میں انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی نے کہا ہے میں فرعونیت کے آگے نہیں جھکوں گا، ہم بھی نہیں جھکیں گے ، بہن نورین نیازی پر تشدد کیا گیا، عظمیٰ کو ایس ایچ او گلناز نے کہا ان کو گھیسٹ کر پولیس وین میں پھینکو، بانی نے مثال قائم کر دی کہ صرف اللہ سے ہی ڈرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی آرام سے گھر بیٹھ سکتے ہیں، ہمارا بھائی پاکستان کے مستقبل کیلئے کھڑا ہے ، نصیحت کرتے ہیں وقت آگیا اب عوام بھی کھڑے ہوجائیں۔علیمہ خان نے کہا کہ سارا خیبرپختونخوا پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہے ،وہاں حکومت ختم کرنے کا مقصد ہے عوام کے نمائندوں کو ہٹا کر اپنا بندہ لگانا، آپ ڈکٹیٹر شپ لاتے ہیں تو انتشار پھیلے گا، یہ چاہ رہے ہیں انتشار پھیلے ۔