لاہور ہائیکورٹ:27ویں ترمیم کیخلاف 6 درخواستوں کی سماعت درخواست گزاروں کو ترمیم کی مہلت
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف دائر 6 مختلف درخواستوں پر سماعت ہوئی ، عدالت نے درخواست گزاروں کو درخواست میں ترمیم کی مہلت دے دی ۔
جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے 27ویں ترمیم کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت بینچ کے سربراہ جسٹس صداقت علی نے وکیل اظہر صدیق کو ہدایت کی آئین کا آرٹیکل 174 نکال کر پڑھیں ۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آرٹیکل 174 کے تحت درخواست میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کو فریق بنانا ضروری ہے ۔وکیل اظہر صدیق نے اعتراف کیا اس غلطی کو تسلیم کرتے ہیں ابھی ہاتھ سے لکھ کر فریق بنادیتے ہیں ۔جسٹس صداقت نے ریمارکس دئیے کہ آپ نے آئین کو چیلنج کیا ہے تو عدالت بھی آئین کے تحت چلے گی، ہاتھ سے لکھنے کی گنجائش نہیں ہے ۔عدالت نے درخواستوں میں ترمیم کی مہلت دیتے ہوئے کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔ درخواست گزاروں نے استدعا کی تھی 27ویں ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے سے متصادم ہے عدالت 27ویں ترمیم کو کالعدم قرار دے ۔