ایشیز:دوسرے روز آسٹریلیا کو 44 رنز کی برتری حاصل
6 وکٹوں پر 378 رنز بنالیے ، انگلش ٹیم 334 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی
برسبین(سپورٹس ڈیسک)دوسرے ایشیز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک 44 رنز کی برتری حاصل کرلی۔گابا میں جاری میچ میں آسٹریلیا نے کھیل کے دوسرے روز اختتام تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 378 رنز بنالیے ہیں۔ ایلکس کیری 46 اور مائیکل نیسر 15 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔جیک ویدرالڈ 72، مارنس لبوشین 65، کپتان سٹیو سمتھ 61، کیمرون گرین 45، ٹریوس ہیڈ 33 اور جوش انگلس 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔انگلینڈ کی جانب سے برائیڈن کارس نے 3، بین سٹوکس نے 2 اور جوفرا آرچر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو انگلش ٹیم اپنے گزشتہ روز کے ٹوٹل میں صرف 9 رنز کا ہی اضافہ کرسکی تھی اور 334 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔جوفرا آرچر 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ مارنس لبوشین نے ہوا میں اڑتے ہوئے ان کا کیچ پکڑا۔ جو روٹ 138 رنز بناکر ناقابل شکست رہے تھے ۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 6 جبکہ مائیکل نیسر، برینڈن ڈوگٹ اور اسکاٹ بولینڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔