وکلا کا قتل:ملزموں کی گرفتاری تک عدالتی بائیکاٹ :ہائیکورٹ بار

وکلا کا قتل:ملزموں کی گرفتاری تک عدالتی بائیکاٹ :ہائیکورٹ بار

آئی جی پنجاب نے وقوعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا :فرخ الیاس ہم کٹ تو سکتے ہیں مو قف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے :ذبیح اللہ ناگرا، پریس کانفرنس

لاہور (کورٹ رپورٹر)وکلا تنظیموں نے 2 وکیلوں کے قتل کے معاملے پر ملزموں کی گرفتاری تک عدالتی بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل ذبیح اللہ ناگرا اور سیکرٹری ہائیکورٹ بار فرخ الیاس چیمہ نے 2وکلا کے قتل کے معاملے پرگزشتہ روز پریس کانفرنس کی ۔اس موقع پر فرخ الیاس چیمہ نے کہا کہ آئی جی پنجاب نے ہماری درخواست پر وقوعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے ، پولیس نے وکیل کو اس کے گھر داخل ہوکر شہید کیا، پنجاب کے وکلا اس معاملے پر سراپا احتجاج ہیں، ہماری آئی جی پنجاب کے ساتھ اس حوالے سے ملاقات ہوئی اور انہیں بتایا ہے کسی صورت خاموش نہیں بیٹھ سکتے ، واقعہ کی انکوائری بھی ایف آئی اے کو منتقل کی گئی ہے ۔ ذبیح اللہ ناگرا نے کہا کہ وکلا کے قاتلوں کی گرفتاری پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا، ہم کٹ تو سکتے ہیں لیکن مو قف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ،حکومت چھ روز کے احتجاج کے بعد پیچھے ہوئی، ہم آج بھی قاتلوں کی گرفتاری کے مطالبہ پر کھڑے ہیں۔ ڈی پی او وہاڑی نااہل آفیسر ہیں اور انہی کی نااہلی کی وجہ سے چھ روز سے صوبہ بھر کی عدلیہ بند پڑی ہے ، ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں