کورم کامسئلہ :پنجاب اسمبلی اجلاس ملتوی ہونے کی ہیٹ ٹرک

کورم کامسئلہ :پنجاب اسمبلی اجلاس ملتوی ہونے کی ہیٹ ٹرک

فیلڈ مارشل کو چیف آف ڈیفنس فورسز بننے پر خراجِ تحسین ، اپوزیشن کا واک آؤٹ شیخ امتیاز نے کورم کی نشاندہی کی، گھنٹیاں بجانے کے باوجود ارکان نہ آئے

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی کا اجلاس حکومتی ارکان کی عدم دلچسپی کے باعث مسلسل تیسرے روز بھی کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس دو گھنٹے کی تاخیر سے پینل آف چیئرمین  سمیع اللہ خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ وقفۂ سوالات میں حکومتی رکن امجد علی جاوید کے گروپ انشورنس سے متعلق سوال پر وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بتایا کہ تمام مستقل سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے گروپ انشورنس کٹوتی ہوتی ہے ، جو وفات یا ریٹائرمنٹ کے پانچ برس کے اندر اہل خانہ کو ادا کی جاتی ہے ۔ صوبے میں وفاقی افسروں کی تعیناتی کا معاملہ متعلقہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔چناب کلب سے متعلق سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ کلب 70 کینال سے زائد رقبے پر مشتمل ہے اور سالانہ کرایہ 6 کروڑ 15 لاکھ روپے جمع ہوتا ہے ۔ پینل آف چیئرمین نے کہا کہ جمخانہ کلب سے آمدن دیکھ کر حیرت ہوتی ہے ، کمیٹی جلد اس معاملے پر اجلاس بلائے گی۔حکومتی رکن احسن رضا کی جانب سے جنرل عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز بننے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا، اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔ احسن رضا نے کہا کہ جنرل عاصم منیر قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی تقرری پاکستان کے لیے مثبت پیش رفت ہے ۔اسی دوران حکومتی رکن امجد علی جاوید نے تعلیمی اداروں میں پنجابی زبان کی تدریس کی منظوری پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے پنجابی زبان کی ترویج کے لیے تاریخی قدم اٹھایا ہے ۔ایوان میں شور شرابے کے دوران اپوزیشن رکن شیخ امتیاز نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ گھنٹیاں بجانے کے باوجود کورم پورا نہ ہو سکا جس پر پینل آف چیئرمین نے اجلاس سوموار دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں