جسٹس جہانگیری ڈگری کیس،کراچی یونیورسٹی سے ریکارڈطلب
ریکارڈ کے جائزہ کے بعد کارروائی آگے بڑھائی جائیگی،اسلام آبادہائیکورٹ
اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے کراچی یونیورسٹی سے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ ڈویژن بینچ نے عدالتی معاونین سے کیس کے قابل سماعت ہونے سے متعلق 9 دسمبر کو دلائل طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈگری کے ریکارڈ اور درخواست قابل سماعت ہونے کا جائزہ لینے کے بعد عدالتی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی، چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف وکالت کی مبینہ جعلی ڈگری پر میاں داؤد ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔ عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کیس کے میرٹس پر جائے بغیر جسٹس جہانگیری کی ڈگری کا ریکارڈ طلب کر رہے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی مجاز اتھارٹی ایل ایل بی کی ڈگری کا ریکارڈ حاصل کر کے تصدیق کے ساتھ عدالت پیش کرے ۔