متنازعہ ٹویٹس:ایمان مزاری،ہادی کی نئی درخواستیں مسترد
ملزمان کا حق ہے کہ انہیں 342 کا بیان جمع کرانے کا موقع ملے :وکلا کے دلائل
اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے )ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے متنازعہ ٹویٹس کیس میں ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی 342 کے بیانات اور اپنے گواہان پیش کرنے سے متعلق دائرنئی درخواستیں مسترد کر دیں جبکہ ملزمان نے جج پر عدم اعتماد کرتے ہوئے کیس ٹرانسفر کے لئے عدالت عالیہ سے رجوع کر لیا ۔ ہادی علی چٹھہ نے نئی درخواست دائرکرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ سٹیٹ کونسل نے ان کی معلومات کے بغیر 342 کا جواب جمع کرا دیا ،مجھے سٹیٹ کونسل پراعتمادنہیں 342 کا بیان خود جمع کروانا چاہتا ہوں۔ ہادی علی نے عدالت میں اپنے گواہان کی فہرست بھی پڑھ کر سنائی ،وکلاء راجہ علیم عباسی، نعیم گجر اور ریاست علی آزاد نے دلائل دیتے ہوئے کہا ملزمان کا حق ہے کہ انہیں 342 کا بیان جمع کرانے کا موقع ملے ۔پراسیکیوشن کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے کہا گیا کہ دفاع کی جانب سے گزشتہ روز 342 کے حوالے سے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا،سماعت کے دوران سٹیٹ کونسل کی جانب سے حتمی تحریری دلائل بھی جمع کرا دیئے گئے ، فاضل جج کچھ دیر کیلئے کمرہ عدالت سے اٹھ کر چلے گئے ،بعدازاں جج افضل مجوکہ دوبارہ عدالت میں آئے اورنئی درخواستیں مستردکرتے ہوئے سماعت آئندہ پیر تک ملتوی کر دی۔ اسی معاملے پر ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے جج افضل مجوکہ پر عدم اعتماد کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کر دی ہے ۔