عمران خان سے ملاقات کیلئے جیل کے قریب بہنوں کا پھر دھرنا : سیاست میں اختلاف ہوسکتا ہے دشمنی نہیں، گوہر

عمران خان سے ملاقات کیلئے جیل کے قریب بہنوں کا پھر دھرنا : سیاست میں اختلاف ہوسکتا ہے دشمنی نہیں، گوہر

ارکان اسمبلی ، کارکن بھی شریک ، مذاکرات ناکام ہوئے تو واٹر کینن کا استعمال،کارکنوں کاپتھرائو،آپریشن پردھرناختم آؤ مجھے کر لو گرفتار، علیمہ خان ، عمران خان کا طبی معائنہ ، ذاتی معالج کے بغیر رپورٹ تسلیم نہیں کرتے ، سلمان اکرم

 راولپنڈی (خبر نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک ، دنیا نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور پارٹی کے بانی عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ ملی جس پر انہوں نے جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر دھرنا دیدیاجس میں اراکین قومی اسمبلی جنید اکبر، شاہد خٹک، خیبر پختونخوا کابینہ کے اراکین مینا خان، شفیع جان و دیگر شریک ہوئے ۔ پولیس نے مذاکرات کئے تاہم علیمہ خان نے انکار کر دیا ، رات گئے پولیس نے آپریشن کر تے ہوئے دھرنا ختم کر ادیا ، واٹر کیینن کا بھی استعمال کیا گیا ،قبل ازیں منگل کی صبح بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو پولیس نے فیکٹری ناکے پر روکا، علیمہ خان کی جانب سے کارکنوں کو پرسکون رہنے کی ہدایت کی گئی اور وہ کارکنوں کو ناکے سے پیچھے ہٹاتی رہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پولیس کے ساتھ ہماری کوئی لڑائی نہیں، پولیس والے ہمارے بھائی ہیں ۔ اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ، گورکھ پور سے داہگل ناکے تک تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بند کردئیے گئے ۔ دھرنے میں پی ٹی آئی کارکنوں نے نعرے بازی شروع کی تو علیمہ خان نے کہا کہ ‘میں آگئی ہوں تمام تر ناکے توڑ کر آؤ مجھے کر لو گرفتار، یہ غیرقانونی کام کرتے ہیں ہم قانونی کام کریں تو پابندی عائد کر دی جاتی ہے ۔پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اڈیالہ عدالت کے حکم پر ملاقاتوں کے لیے آتے ہیں مگر یہاں ملاقات سے روکا ہوا ہے ۔ ایسے ہیں لوگ جو چاہتے ہیں کہ ‘ایک بڑا ادارہ اور کچھ سیاسی لوگ آپس میں لڑ پڑیں،ایک بڑے ادارے ’ سے لڑائی بالکل نہیں ہونی چاہیے ، عمران خان سے ملاقاتوں سے بہتری آ سکتی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں اختلاف ہو سکتا ہے دشمنی نہیں ،آپ ایک دوسرے کو خطرہ نہ سمجھیں، کچھ سیاسی لوگ آپس میں لڑ پڑیں ایسا نہیں ہونا نہیں چاہئے ، بہت ساری چیزیں ایسی ہیں جو ہم کرنا چاہ رہے ہیں مگر ہمارے بس میں نہیں۔ادھر اڈیالہ جیل میں ڈاکٹرز کی ٹیم نے عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔جیل ذرائع کے مطابق پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز کی ٹیم عمران خان کا طبی معائنہ کرنے کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی۔تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ عمران خان کا معائنہ جب تک ان کے ذاتی معالج نہیں کرتے تو ہم سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹروں کی رپورٹ کو درست تسلیم نہیں کرتے ۔ رات گئے سابق سینٹر مشتاق دھرنے میں پہنچ گئے ۔پولیس نے پکڑی گاڑیوں میں سے 5 چھوڑ دیں ۔ رات دوبجے پولیس نے آپریشن شروع کر دیا ،دھرنا ختم کر نے کیلئے واٹر کینن سے پانی پھینکا گیا جس پر کارکنوں نے نعرے بازی کی ، پولیس کے مطابق پتھرائو بھی کیا گیا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں