جج چیمبر سے 2سیب،ہینڈ واش چوری، مقدمہ خارج
درخواست گزار کا نقصان مالی نوعیت کا ،جرم نہیں ہوا:ایس ایس پی انویسٹی گیشن مالیت 1 ہزار روپے بتائی گئی ، تفتیش سی سی ڈی کو دیں:سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار
لاہور(کرائم رپورٹر،کورٹ رپورٹر)لاہور میں اپنے طرز کی انوکھی واردات، جج کے چیمبر سے دو سیب اور ہینڈ واش چوری ہوگیا،اسلام پورہ پولیس نے ریڈر حبیب الرحمن کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا، سیب اور ہینڈ واش کی مالیت ایک ہزار روپے بتائی گئی ہے ،لاہور پولیس نے مقدمہ تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا۔بعد ازاں ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے مقدمے کی تفتیش مکمل کرتے ہوئے مقدمے کو خارج کر دیا اور قرار دیا کہ درخواست گزار کا نقصان مالی نوعیت کا ہے کوئی جرم سرزد نہیں ہوا۔ادھرچوری کی یہ ایف آئی آر لاہور ہائیکورٹ بار میں موضوع بحث بنی رہی، سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار فرخ الیاس چیمہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اس کی تفتیش سی سی ڈی کے حوالے کی جائے ۔قانونی ماہر مستنصر نذر نے کہا سیب چوری کی ایف آئی آر نظام عدل سے مذاق کے مترادف ہے ۔