ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ معاشی سمت درست ہونے کا ثبوت : وزرا
66 فیصد نے کرپشن میں کمی کامانا،عوام نے 9 مئی والوں کومستردکردیا:بیرسٹر عقیل
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک اوروفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ ملک کی معاشی سمت درست ہونے کا واضح ثبوت ہے، رپورٹ کے مطابق 66 فیصد لوگوں نے ملک میں کرپشن میں کمی کا اعتراف کیا ہے ۔ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کو دیوالیہ ہونے کے خطرے سے کامیابی سے نکال کر اب معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں اور عوام کا حکومتی اداروں پر اعتماد بڑھا ہے۔
ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ عوام نے 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کو مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے افواج پاکستان کو نشانہ بنانے والوں کو درحقیقت دشمن کو موقع دینے کے مترادف قرار دیااور تحریک انصاف کو بطور اپوزیشن جماعت مثبت کردار ادا کرنے اور سیاست کو سیاست تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 13 سال سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے ، جہاں احتساب کے ادارے کو تالا لگا ہوا ہے ۔ مسلم لیگ (ن )ہمیشہ مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور کبھی انتقامی سیاست نہیں کی۔ ملک کو دیوالیہ کے خطرے سے نکال کر معاشی ترقی کی راہ ہموار کی گئی ہے ۔