عوام کا استحصال قبول نہیں، حقیقی تبدیلی لائیں گے : حافظ نعیم
تعلیم ،صحت ،کھیل کے شعبے تباہ ہوچکے ،انتخابات فارم 47 پرہوتے ہیں نوجوان مایوس نہ ہوں، فرسودہ نظام کیخلاف جدوجہد کریں:وزیرآباد میں خطاب
لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کا استحصال قبول نہیں، قوم کے تعاون سے پاکستان میں حقیقی تبدیلی لائیں گے ، ظلم کے خلاف جدوجہد تیز ہوگی ۔ نوجوان مایوس نہ ہوں، فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کریں، پاکستان سیاستدانوں ، جرنیلوں ، طاقتوروں کا نہیں عوام کا ہے، جماعت اسلامی نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار کیلئے بلاسود قرض فراہمی کا آغاز کرے گی۔ وزیرآباد میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت عوام میں چھوٹے کاروبار کے آغاز کیلئے بلاسود قرض فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران طبقہ نے قرضے لے کر معاف کرائے ، تعلیم ، صحت حتیٰ کہ کھیل تک کے شعبوں کو تباہ کردیا گیا۔
ملک میں تھانہ کچہری کا نظام برباد ہے ، انتخابات فارم سینتالیس کے تحت ہوتے ہیں، اختیار چند خاندانوں تک محدود ہے ، نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا ، نئی نسل میں جان بوجھ کر مایوسی پھیلائی جارہی ہے ، منشیات کی لعنت عام ہے ، ان حالات میں جماعت اسلامی جہاں فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کررہی ہے وہیں بہتری کیلئے کاوشیں بھی جاری رکھے ہوئے ہے، مینار پاکستان پر تاریخی اجتماع عام سے قوم میں امید بیدار ہوئی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ حکمران عوام کے فائدے کیلئے چند اقدامات محض نمائشی مقاصد کیلئے کرتے ہیں، انہیں عوام یا نوجوانوں کی مجموعی بہتری سے کوئی سروکار نہیں، عوام کو بے اختیار کردیا گیا، ملک میں گلا سڑا نظام نوجوانوں کو مایوس کر رہا ہے ۔ نظام کی تبدیلی کیلئے مؤثر اور طاقت ور آواز اٹھنی چاہئے ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت کئی سکیمیں چل رہی ہیں، لیکن غربت ختم نہیں ہو رہی،کرپٹ مافیا کے خلاف متحد ہو کر کوشش کرنا ضروری ہے ۔تقریب میں امیر جماعت اسلامی نے 112 افراد میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 12 لاکھ روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کئے۔