بڑی چھلانگ لگانے کے بعد سونا 2ہزار روپے تولہ سستا
24قیراط تولہ قیمت 4لاکھ 52ہزار262،10گرام 387741روپے چاندی کی قیمت 220روپے گرنے کے بعد 6ہزار 464روپے کی سطح پر آگئی
کراچی(کامرس رپورٹر)بڑی چھلانگ لگانے کے بعد عالمی اور مقامی سطح پر سونے اور چاندی کی ریکارڈ قیمتوں کو بریک لگ گئے ، جس کے نتیجے میں قیمتی دھاتوں کے دام میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے ، آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 52 ہزار 262 روپے پر آ گیا، اسی طرح 10 گرام سونے کے بھاؤ میں 1 ہزار 715 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 3 لاکھ 87 ہزار 741 روپے کی سطح پر آ گئی۔ دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، 24 قیراط فی تولہ چاندی 220 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 464 روپے پر آ گئی، جو گزشتہ سیشن کے مقابلے میں واضح کمی کو ظاہر کرتی ہے ۔ علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں بھی قیمتی دھاتوں پر دباؤ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 20 ڈالر کی کمی کے بعد 4 ہزار 299 ڈالر پر آ گیا ہے ۔