سونے کے تاجر کو لوٹنے والے دو پولیس اہلکاروں سے 30 لاکھ برآمد

 سونے کے تاجر کو لوٹنے والے دو پولیس اہلکاروں سے 30 لاکھ برآمد

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ، مانیٹرنگ ڈیسک )پولیس نے سونے کے تاجر کو اغوا کر کے دو کروڑ لوٹنے والے اسلام آباد پولیس کے دو اہلکاروں سے دوران تفتیش 30 لاکھ برآمد کر لئے۔۔۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع دیدی ،اے ایس آئی زر بادشاہ، اے ایس آئی فخر اقبال اور دیگر ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی تاہم عدالت نے تین روز کی توسیع منظور کی ،تفتیشی حکام کا مؤقف ہے کہ ملزمان نے مدعی مقدمہ کو ٹریپ کر کے غیر قانونی حبسِ بے جا میں رکھا اس سے دو کروڑ روپے چھین لئے ، پولیس ملازمین کے خلاف تھانہ نون میں مقدمہ درج ہے ۔سوات سے تعلق رکھنے والا تاجر راولپنڈی میں سونا فروخت کرنے کے بعد واپس جا رہا تھا کہ راستے میں پولیس کے دو اے ایس آئیز نے ساتھیوں سمیت اسے روکا پولیس اہلکاروں نے تلاشی کے بہانے گاڑی میں موجود چار کروڑ روپے قبضہ میں لئے اور تاجر کو زبردستی نجی ٹارچر سیل منتقل کر دیا۔منت سماجت پر ملزموں نے دو کروڑ روپے اپنے پاس رکھ لئے جبکہ باقی دو کروڑ واپس کر د ئیے ۔وا قعہ کی درخواست متاثرہ تاجروں نے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کو دی، جس پر فوری انکوائری کا حکم دیا گیا، ایس پی صدر علی کاظم نے انکوائری کے بعد پولیس کے دونوں اے ایس آئیز کو قصوروار قرار دے دیا۔ تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ گینگ میں دو انفارمرز شامل تھے جنہوں نے لوٹی گئی رقم کا نصف حصہ وصول کیا، جبکہ باقی ایک کروڑ روپے پولیس اہلکاروں اور جعلی ایف آئی اے افسر میں تقسیم ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں