پاک چین ہنگور پروگرام، چوتھی آبدوز ’’غازی ‘‘لانچ
لانچنگ تقریب ووہان میں ہوئی ، چین میں چار آبدوزوں کے سی ٹرائلز جاری معاہدے کے تحت طویل رینج والی 4آبدوزیں کراچی میں تیارہونگی :آئی ایس پی آر
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی) پاکستان اور چین کے درمیان ہنگور آبدوز پروگرام کے تحت نے چین کے شہر ووہان کی شوانگ لیو بیس پر ہنگور کلاس کی چوتھی جدید ہتھیاروں سے لیس آبدوز’’غازی ‘‘کامیابی کیساتھ لانچ کردی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پاک بحریہ کی ہنگور کلاس کی چوتھی آبدوز غازی کو چین کے شہر ووہان میں واقع شوانگ لیو بیس پر کامیابی کے ساتھ لانچ کر دیا گیا۔ چین میں تیار ہونے والی چاروں ہنگور کلاس آبدوزیں اب سخت سمندری آزمائشوں (سی ٹرائلز)سے گزر رہی ہیں،یہ آبدوزیں پاکستان کے حوالے کئے جانے کیلئے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں ۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کا معاہدہ کر رکھا ہے ،معاہدے کے تحت چار آبدوزیں چین میں جبکہ باقی چار پاکستان میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت تیار کی جائیں گی۔