آئی ایف سی اور فاطمہ فرٹیلائزر کا 60 ملین ڈالر کی قابلِ تجدید مالی معاونت کا اعلان

آئی ایف سی اور فاطمہ فرٹیلائزر کا 60 ملین ڈالر کی قابلِ تجدید مالی معاونت کا اعلان

لاہور(بزنس ڈیسک)فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے پاکستان میں غذائی تحفظ کے فروغ اور زرعی شعبے کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سالانہ 60 ملین امریکی ڈالر تک کی قابلِ تجدید مالی سہولت کا اعلان کیا ہے۔

اس معاونت کے تحت فاطمہ فرٹیلائزر کو ضروری خام مال، مشینری اور تکنیکی خدمات کی درآمد کے لیے غیر ملکی زرمبادلہ دستیاب ہوگا تاکہ ملکی سطح پر کھاد کی پیداوار بلا تعطل جاری رکھی جا سکے ۔مالی معاونت سے فاطمہ فرٹیلائزر کو اپنی پیداواری صلاحیت مکمل طور پر بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔ فنانسنگ کے نتیجے میں کمپنی کی سالانہ تقریباً 14 لاکھ 60 ہزار میٹرک ٹن کھاد کی پیداوارمسلسل جاری رکھنے میں مدد ملے گی اورصادق آباد پلانٹ میں 850 سے زائد براہِ راست ملازمتیں محفوظ رہیں گی۔ مزید برآں، ملک بھر میں کھاد کی ترسیل سے وابستہ ہزاروں چھوٹے کاروباروں کو استحکام ملے گا اور گندم و چاول جیسی بنیادی فصلوں کی پیداوار کو تحفظ حاصل ہوگا۔فاطمہ فرٹیلائزر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فواد احمد مختار کاکہنا تھا کہ یہ شراکت داری نہ صرف فاطمہ فرٹیلائزر بلکہ پاکستان کے زرعی شعبے کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ہے ۔ آئی ایف سی کے اشرف مجاہد نے کہا کہ اس نوعیت کی شراکت داریاں پاکستان کے کسانوں تک ضروری زرعی اجزاء کی بلا تعطل فراہمی کے لیے درکار مالی وسائل کو یقینی بناتی ہیں۔ اہم درآمدات کے لیے امریکی ڈالر میں فنانسنگ فراہم کر کے ہم غذائی تحفظ کے فروغ، روزگار کے تحفظ اور پاکستان میں زرعی ویلیو چین کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں