عمران خان کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ،بیٹوں کا الزام

عمران خان کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ،بیٹوں کا الزام

قید تنہائی ختم کی جائے ، ان کو ذاتی معالج تک رسائی حاصل نہیں والد کو گندا پانی دیا جاتا ،کھانے کا معیار بھی خراب:سلیمان اور قاسم کا انٹرویو

 لندن (مانیٹرنگ ڈیسک )بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان نے الزام لگایا ہے کہ ہمارے والد کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے ۔انہوں نے  یہ بات برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران کہی۔ دو نوں بھائیوں نے کہا ان کے والد کو جن  حالات میں جیل میں رکھا گیا ہے وہ انتہائی شرمناک ہے ۔قاسم کا کہنا ہے کہ ان کے والد کو پینے کے لیے گندا پانی دیا جاتا ہے جب کہ کھانے کا معیار بھی انتہائی خراب ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو اپنے ذاتی معالج تک رسائی حاصل نہیں۔سلیمان کا دعویٰ ہے کہ ان کے والد کو اس کوٹھری میں رکھا گیا ہے جس میں سزائے موت کے قیدیوں کو رکھا جاتا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اِن چھوٹی چھوٹی کوٹھریوں میں بمشکل دن کی روشنی آتی ہے اور اکثر بجلی بھی کاٹ دی جاتی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بنا کسی تاخیر کے عمران خان کی قید تنہائی ختم کی جائے ۔ بیٹوں نے مزید کہااگر والد کوئی ڈیل کر کے ہمارے پاس آ جائیں اور انگلینڈ میں رہنے لگیں تو مجھے معلوم ہے کہ ان کے دل میں یہ احساس رہے گا کہ انہوں نے اپنے ملک کو اس کے حال پر چھوڑ دیا اور سچ کہوں تو وہ افسردہ ہو جائیں گے ۔قاسم خان کے مطابق عمران خان کہتے ہیں، ‘ارے ، میری فکر نہ کرو، سب کیسے ہیں؟’ اور وہ ان کی نانی لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ کے بارے میں بھی پوچھتے ہیں۔جب جیل میں عمران خان کی حالت کے بارے میں پوچھا گیا تو قاسم نے کہاحالات خراب نہیں، بلکہ نہایت خوفناک ہیں۔سوشل میڈیا پر عمران خان کی موت سے متعلق افواہوں کے بارے میں پوچھے جانے پر سلیمان نے کہا کہ یہ تجربہ انتہائی ذہنی دباؤ کا باعث تھا۔قاسم نے کہا کہ ایسی افواہیں دیکھنا ‘جھنجوڑ دینے والا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہایہ آپ کو آپ کی روزمرہ زندگی سے اچانک باہر کھینچ لاتا ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں