سڈنی حملہ :زخمی حملہ آورنوید پرفرد جرم عائد، 59 الزامات
حملہ آوروں کی ٹریننگ کے ثبوت نہیں ملے :فلپائن، تحقیقات جاری:آسٹریلیا
سڈنی،منیلا(نیوز ایجنسیاں،دنیا مانیٹرنگ) آسٹریلیا میں بونڈائی بیچ پر فائرنگ کے دوران زخمی ہونے والے حملہ آور پر فرد جرم عائد کر دی گئی ، ملزم پر 59 الزامات عائد کئے گئے ہیں، جن میں 15 قتل کے الزامات بھی شامل ہیں۔ اگر الزامات ثابت ہو گئے تو ملزم کو عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے ۔24 سالہ ملزم نوید اکرم پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں زخمی اور والد ساجد اکرم ہلاک ہو گیا تھا۔اتوار کو بونڈائی بیچ پر فائرنگ سے ملزم ساجد اکرم سمیت 15 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے ۔فلپائن کے مشیرِ قومی سلامتی ایڈورڈ ایم آنو نے کہا بونڈائی بیچ کے حملہ آوروں کی فلپائن میں کسی ٹریننگ کے ثبوت نہیں ملے ۔ محض ملک کا دورہ دہشت گردی کی تربیت کے الزامات کو ثابت نہیں کرتا۔آسٹریلوی پولیس کہنا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا ملزم فلپائن میں شدت پسندوں سے تربیت لینے گئے یا ان کے دورے کا کوئی اور مقصد تھا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا میں ہونے والے حملے سے متعلق بھارتی سفارتخانے کو پہلے روز سے دہشتگرد کی شناخت کا علم تھا لیکن جان بوجھ کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ۔ساجد کا پاسپورٹ بھارتی سفارتخانے نے 24 فروری 2022 کو 10 سال کے لیے جاری کیا تھا۔سڈنی میں حنوکا میلے کے دوران 15 افراد کے قتل کے بعد یہودی آسٹریلیائی کمیونٹی میں خوف اور عدم تحفظ کا احساس پیدا ہو گیا ۔کمیونٹی رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے بروقت اقدامات نہ کرنے پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا میں وہی نفرت اور خطرہ دوبارہ محسوس ہو رہا ہے جو ان کے آباؤ اجداد نے چھوڑا تھا۔