ٹرمپ کا وینزویلا کے تیل کی مکمل ناکہ بندی کا اعلان

ٹرمپ کا وینزویلا کے تیل کی مکمل ناکہ بندی کا اعلان

امریکا وسائل چرانا چاہتا ہے :وینزویلا ،عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہو گیا امریکا میں سب سے طاقتور یہودی لابی تھی جو اب نہیں رہی: ٹرمپ

واشنگٹن،کراکس(اے ایف پی) امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وینزویلا جانے اور واپس آنے والے تمام پابندی زدہ تیل بردار جہازوں کی مکمل ناکہ بندی کی جائے گی ۔ٹرمپ نے وینزویلا حکومت کو دہشت گرد تنظیم بھی قرار دیا ۔ وینزویلین حکومت نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا امریکی ناکہ بندی کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہماری سرزمین کے وسائل چرا سکیں۔وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے تیل کی ترسیل پر ناکہ بندی کے  اعلان کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ مادورو نے امریکی دھمکیوں کو علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔وینزویلا نے کہا امریکی ناکہ بندی کے باوجود تیل برآمدات جاری رکھیں۔دوسری جانب امریکی اقدام کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ۔ برینٹ کروڈ فیوچرز 1 اعشاریہ 6فیصد بڑھ کر 59اعشاریہ 86 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا،امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل بھی اوپر گیا ۔ علاوہ ازیں ٹرمپ نے یہودیوں کے تہوار پر تقریب سے خطاب میں کہا کہ امریکا میں سب سے طاقتور یہودی لابی تھی جو اب نہیں رہی، آپ یہودیوں کو بہت محتاط رہنا ہوگا، کانگریس بھی یہود مخالف بنتی جا رہی ہے ۔ٹرمپ کی چیف آف سٹاف سوزی وائلز نے ایک انٹرویو میں امریکی صدر کی شخصیت سے متعلق کہا اگرچہ ٹرمپ کبھی شراب نہیں پیتے ، تاہم ان کی شخصیت ایک شرابی جیسی ہے ۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ وائلز کا یہ کہنا درست ہے کہ ان کی شرابی جیسی شخصیت ہے ، حالانکہ وہ مکمل طور پر شراب سے پرہیز کرتے ہیں۔ٹرمپ نے پانچ مزید ممالک اور فلسطینی اتھارٹی کے جاری کردہ دستاویزات پر سفر کرنے والے افراد کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ۔پابندیاں یکم جنوری سے نافذ ہوں گی۔برکینا فاسو، مالی، نائجر، جنوبی سوڈان اور شام کے جاری کردہ پاسپورٹ کے حامل افراد کے امریکا میں داخلے پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔۔اس کے علاوہ نائیجیریا، تنزانیہ اور زمبابوے سمیت 15 دیگر ممالک پر جزوی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں