امریکا میں سب سے طاقتور یہودی لابی تھی جو اب نہیں رہی:ٹرمپ
یہودیوں کو بہت محتاط رہنا ہوگا، خاص طور پر کانگریس یہود مخالف بنتی جا رہی ہے
واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں )امریکا کے صدر ٹرمپ نے کہاہے کہ اسرائیل کی حمایت کم ہوئی ہے ، امریکا میں سب سے طاقتور یہودی لابی تھی جو اب نہیں رہی،ٹرمپ نے یہودیوں کے تہوار پر تقریب سے خطاب میں کہا کہ آپ یہودیوں کو بہت محتاط رہنا ہوگا، خاص طور پر کانگریس یہود مخالف بنتی جا رہی ہے ۔ٹرمپ نے کہا کہ حماس کو غیر مسلح کرنے کیلئے معاہدہ کیا ہے ، حماس نے اسرائیلی قیدی اور لاشیں حوالے کر دیں، ہم نے مشرق وسطی میں امن قائم کیا، 59 ممالک بین الاقوام استحکام فورس میں شمولیت چاہتے ہیں۔سڈنی واقعے پر امریکی صدر نے کہا کہ سڈنی میں خطرناک حملہ ہوا، ہلاکتوں پردکھ اور افسوس ہے ، حملے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں، دہشتگردی کیخلاف امریکی قوم متحد ہے ۔ ٹرمپ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انتہا پسند ی کے خلاف متحد ہو،تمام اقوام کو انتہا پسند ی کی برائی کے خلاف ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ، اور ہم یہ کر رہے ہیں۔ٹرمپ کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز نے ایک انٹرویو میں ان کی شخصیت سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ ٹرمپ کبھی شراب نہیں پیتے ، تاہم ان کی شخصیت ایک شرابی جیسی ہے ۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ وائلز کا یہ کہنا درست ہے کہ ان میں شرابی جیسی شخصیت ہے ، حالانکہ وہ مکمل طور پر شراب سے پرہیز کرتے ہیں۔ٹرمپ نے پانچ مزید ممالک اور فلسطینی اتھارٹی کے جاری کردہ دستاویزات پر سفر کرنے والے افراد کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ۔پابندیاں یکم جنوری سے نافذ ہوں گی۔برکینا فاسو، مالی، نائجر، جنوبی سوڈان اور شام کے جاری کردہ پاسپورٹ کے حامل افراد کے امریکا میں داخلے پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ٹرمپ انتظامیہ نے لاؤس اور سیرا لیون کو بھی مکمل پابندی کی فہرست میں شامل کر دیا ہے ۔ اس سے قبل ان دونوں ملکوں پر جزوی پابندی عائد تھی۔اس کے علاوہ نائیجیریا، تنزانیہ اور زمبابوے سمیت 15 دیگر ممالک پر جزوی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔