پاکستان،فرانس میں آلو بیج کی برآمد کیلئے ورک پلان پر دستخط
یادداشت پر دستخط فرانسیسی سفیر نکولس اور سیکرٹری غذائی تحفظ و تحقیق نے کیے زرعی پیداوار اور پائیدار ترقی میں پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے ، فرانسیسی سفیر
اسلام آباد (الماس حیدر نقوی)پاکستان اور فرانس کے درمیان آلو کے بیج کی برآمد کے لیے فائٹو سینیٹری ضروریات پر ورک پلان کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ۔ یادداشت پر دستخط فرانسیسی سفیر نکولس گالے اور سیکرٹری غذائی تحفظ و تحقیق نے کیے ۔فرانسیسی سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم قدم ہے اور اس عمل میں پاکستانی حکام کی تعمیری شمولیت قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرانس بیج آلو کا ایک سرکردہ عالمی پروڈیوسر ہے جس کے سخت سرٹیفکیشن سسٹمز اور فائٹو سینیٹری کنٹرولز کے ذریعے فرانسیسی بیج آلو دنیا بھر میں برآمد کیا جاتا ہے ۔ فرانس زرعی پیداوار، غذائی تحفظ اور پائیدار ترقی میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔پاکستانی وفد کو پیرس انٹرنیشنل ایگریکلچر شو میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے جو 21 فروری سے 1 مارچ 2026 تک پیرس میں منعقد ہوگا۔