پاکستان نام نہاد غزہ فورس کا حصہ نہ بنے : حافظ نعیم الرحمن
دنیا کے معاملات پر چند عالمی طاقتیں قابض، اقوام متحدہ انکے ہاتھوں میں کھلونا مسلم حکمران اپنے عوام کے مفاد میں کام نہیں کرتے :امیر جماعت اسلامی ،خطاب
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت پر زور دیا ہے کہ تحریک آزادی فلسطین کو کچلنے کے منصوبہ سے دور رہے اور نام نہاد بین الاقوامی امن فورس برائے غزہ کا حصہ نہ بنے ، غزہ سے متعلق امریکا سے ہونے والے کسی بھی خفیہ معاہدے سے متعلق قوم کو آگاہ کیا جائے ،دنیا کے معاملات پر چند عالمی طاقتیں قابض، اقوام متحدہ ان کے ہاتھوں میں کھلونا ہے ،اسلامی دنیا کے حکمران اپنے عوام کے مفاد میں کام نہیں کرتے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انٹرنیشنل اسلامک فیڈریشن آف سٹوڈنٹس آرگنائزیشز کی سربراہی میں انٹرنیشنل لیڈر شپ سمٹ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، 2 روزہ کانفرنس میں 20 سے زائد ممالک کے طالبعلم رہنما شریک ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اسرائیل کو غزہ سے مکمل نکالے بغیر وہاں امن قائم نہیں ہوسکتا، اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے چند عالمی طاقتوں کے ہاتھوں میں محض کھلونا بن چکے ، ان حالات میں نوجوان نسل اور خصوصی طور پر اسلامی دنیا کے نوجوان ہی انہیں ظلم و استحصال سے نجات دلا سکتے ہیں ، امریکا زوال کی جانب گامزن ، طاقت اس کے ہاتھوں سے پھسل رہی ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ اسرائیل کی ریاست کو کبھی تسلیم نہیں کیا جا سکتا، ہم حماس کی مکمل حمایت کرتے ہیں جو غزہ کی تسلیم شدہ جمہوری قوت ہے ، پاکستان کسی ایسے معاہدے کا حصہ نہ بنے جس سے اسرائیل کو تقویت ملتی ہو، بدقسمتی سے اسلامی ممالک پر مغرب کے مفادات کا تحفظ کرنے والے مسلط ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بنگلہ دیش میں عثمان ہادی کی شہادت کو نہیں بھول سکتے ، اسلامی ممالک کو وہ انقلاب چاہیے جو عدل وانصاف کی بنیاد اور جمہور کی رائے سے آئے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے بھارتی وزیر کی جانب سے مسلمان خاتون کا نقاب اتارنے کے گھناؤنے عمل کی مذمت کی اور کہا کہ ہندوتوا کا نظریہ اس انتہائی افسوسناک واقعے کی بنیاد ہے ، مودی حکومت بھارت میں تمام اقلیتوں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث ہے ۔ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا ناجائز قبضہ ہے، حکومت پاکستان کشمیریوں کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے۔