برونائی میں ملازمت کیلئے پاکستانی ڈاکٹرز سے درخواستیں طلب
کرٹیکل کیئر، یورالو جی ہماٹالوجی، ریماٹالوجی و دیگرشعبوں کے ماہرین اہل وزارت صحت نے بذریعہ او ای سی درخواستیں دینے کی ہدایت کر دی
اسلام آباد(ایس ایم زمان ) وزارت قومی صحت نے برونائی میں ملازمت کے خواہشمند مختلف شعبوں کے ماہرین ڈاکٹرز سے درخواستیں طلب کی ہیں، وزارت نے وفاق اور صوبوں کو مراسلہ لکھا جس میں کہا گیا برونائی نے ملازمت کے لیے پاکستان سے مختلف شعبوں کے ڈاکٹرز کی خدمات مانگی ہیں ۔ وزارت اوورسیز پاکستانیز نے وزارت قومی صحت کو مراسلہ لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ برونائی کی وزارت صحت کو انٹرنل میڈیسن، کر ٹیکل کیئر، نیونٹا لوجی ، ہماٹالوجی، ریماٹالوجی، یورالوجی سمیت مختلف شعبوں میں ماہر ڈاکٹرز، سپیشلائزڈ ڈاکٹرز اور میڈیکل آفیسرزکی ضرورت ہے ، وزارت اوورسیز پاکستانیز نے خواہشمند ڈاکٹرز کے انتخاب اور قواعد و ضوابط پورے کرنے کے لیے ا یم ڈی اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے اور ڈاکٹرز کو اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے ذریعے درخواستیں دینے کی ہدایت کی ہے ۔