بلوچستان :ایران سے ڈی پورٹ افغانیوں کو حادثہ،11 جاں بحق
افغانیوں کی گاڑی نوکنڈی میں آئل ٹینکر سے ٹکرائی،9 افراد زخمی بھی ہوئے کوہاٹ میں کوسٹرکی ٹکر سے بھی کار سوار خاندان کے 3افراد چل بسے ،3زخمی
چاغی،کوہاٹ (نامہ نگار ،این این آئی) بلوچستان میں پاک ایران سرحدی شہر نوکنڈی میں ایران سے ڈی پورٹ افغانیوں کی گاڑی کو حادثہ، 11 جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے جبکہ پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کوسٹرکی ٹکر سے کار سوار ایک ہی خاندان کے 3افراد بھی دم توڑ گئے اور 3شدید زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق نوکنڈی کے علاقے ریکوڈک کے قریب ایران سے بیدخل 19افراد ڈرائیور کے ہمراہ گاڑی پر جا رہے تھے کہ مخالف سمت سے آنیوالے آئل ٹینکر سے گاڑی ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ڈرائیور سمیت 11 افراد نے موقع پر دم توڑ دیا،9شدید زخمی ہو گئے ،متوفی ڈرائیور خدانظر کا تعلق سرحدی شہر تفتان سے تھا جبکہ دیگر جاں بحق اور زخمی تمام افراد افغان شہری تھے ،ابتدائی طبی امداد اور قانونی کارروائی کے بعد زخمیوں کو میتوں کے ہمراہ افغانستان ی پورٹ کردیا گیا۔ ادھر کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کی حدودمیں راولپنڈی روڈ پرشکردرہ سے گوجرانوالہ جانے والی کوسٹر کار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کار سوار 3 خواتین سمیت 6 افراد شدید زخمی ہو گئے ،3 افرادزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں چل بسے ،جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق تحصیل گمبٹ کے نواحی گاؤں سین سے تھا۔