دھند اورکہیں بارش،فلائٹ آپریشن متاثر ،موٹرویز بند

  دھند اورکہیں بارش،فلائٹ آپریشن متاثر ،موٹرویز بند

سردی میں اضافہ ، مریدکے میں حادثہ،1جاں بحق ،کاغان میں برفباری

لاہور،ایبٹ آباد،کالا شاہ کاکو(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)ملک کے کئی علاقوں میں شدید دھند ،اس دوران مریدکے اور کالا خطائی روڈ پر دو ٹریفک حادثوں میں ایک شخص جاں بحق،9زخمی ہوگئے جبکہ لاہور ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا، موٹرویز کو بھی کئی مقامات پر عارضی طور پر بند کر دیا گیا ۔دوسری طرف متعدد شہروں میں ہلکی بارش ،پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوئی ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض اضلاع میں دھند اورسموگ چھائی رہی، بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہا ،بلوچستان، خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ لاہور میں بوندا باندی ہوئی، پشاور اور خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں بارش کا سلسلہ گزشتہ رات سے جاری ہے ، بلوچستان میں بارش سے کئی گھروں کی دیواریں گر گئیں، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ۔ بلوچستان میں دس ماہ کے بعد گزشتہ روز بارش ہو ئی جس سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ۔

ادھر بارش اور برفباری کے باعث نیلم کے جنگلات میں لگی آگ بجھ گئی۔وادی کاغان میں تقریباً ایک سے 2 انچ برف پڑ چکی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24 گھنٹوں کے دوران بھی اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بلوچستان اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے ،ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش سے موسمی بیماریوں کا خاتمہ ہو گا ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ بارش برسانے والا سسٹم پنجاب بھر میں موجود ہے جو آج(پیر کو)پاکستان سے نکل جائے گا ۔ اسکے بعد 27 سے 31 دسمبر تک لاہور اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں پھر بارش کا امکان ہے ۔ مریدکے میں تیز رفتار ٹرالر نے کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں کار سوار نوجوان بلال سرور موقع پر دم توڑ گیا ،بلال سرور مریدکے پریس کلب (متحدہ)کے سیکرٹری محمد عاصم ضیاء کا بھتیجا تھا۔

علاوہ ازیں کالاخطائی روڈپر جمال پور پولیس چوکی کے قریب ریس لگاتی مسافر بس درخت سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 9مسافر زخمی ہو گئے ۔ مزید برآں ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے مطابق دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک،ایم تھری لاہور سے درخانہ تک ، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم گیارہ ،موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بندکر دی گئی ہے ،قومی شاہراہ پر سندر، مانگا منڈی، پھول نگر اور پتوکی کے علاقوں میں بھی حدِ نگاہ صفر سے 100 میٹر تک ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شدید دھند کے باعث اندرون و بیرون ملک جانے اور آنے والی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہو گئیں ۔ کراچی میں اتوار کی صبح شدید دھند کے باعث سپر ہائی وے ، سکیم 33، گلشن اقبال سمیت مختلف علاقوں میں حد نگاہ صفر ریکارڈ ہوئی جس کے باعث 6 بین الاقوامی پروازیں دیگر ائیرپورٹس پر منتقل کر دی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں