2025 بدترین سال ،دھاندلی سے حکومت بنائی گئی ، حامد خان
ایسی اسمبلیوں نے آئین میں ترامیم کیں جنہیں اس کا اختیار حاصل نہیں تھا پروفیشنل گروپ نے آئندہ انتخابات کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا ،نسوانہ
لاہور (کورٹ رپورٹر)پی ٹی آئی کے سینیٹر حامد خان نے کہا کہ دھاندلی زدہ انتخابات کے ذریعے ناجائز حکومت مسلط کی گئی اور آئین کو آئینی ترامیم کے ذریعے شدید نقصان پہنچایا گیا، ملک میں غیر معمولی جبر کا ماحول ہے ہم اپنی آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔لاہورہائیکورٹ بار میں دیگر وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ دو ہزار پچیس اور اس سے قبل کے سال ملک کے لیے بدترین ثابت ہوئے ، صوبائی اور وفاقی حکومتیں دھاندلی زدہ انتخابات کے ذریعے بنائی گئیں، چھبیسویں اور ستائسویں آئینی ترامیم کے ذریعے آئین کو قتل اور دفن کیا گیا، ایسی اسمبلیوں نے آئین میں ترامیم کیں جنہیں اس کا اختیار حاصل نہیں تھا، حامد خان کا کہنا تھا کہ بارایسوسی ایشنز نے اہم کردار ادا کیا جبکہ دوسرا گروپ حکومتی گروپ بن چکا ہے ، عدلیہ کے خلاف اقدامات کی مذمت کا بوجھ صرف پروفیشنل گروپ نے اٹھایا، حامد خان نے امید ظاہر کی کہ وکلا اسٹیبلشمنٹ کی بی ٹیم نہیں بنیں گے ۔صدر لاہور ہائیکورٹ بار آصف نسوانہ نے کہا کہ پروفیشنل گروپ کی جانب سے آئندہ انتخابات کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا گیا ہے ، لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر کے لیے عرفان حیات باجوہ اور لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر کے لیے بابر مرتضیٰ امیدوار ہوں گے ۔آصف نسوانہ نے کہا کہ آئینی ترامیم اور آرڈیننسز کے خلاف بھرپور جدوجہد کی گئی جبکہ مخالف گروپ خاموش رہا۔