واہگہ چیک پوسٹ پر نئی تعمیرات، مریم نواز نے ارینا کا افتتاح کردیا

واہگہ چیک پوسٹ پر نئی تعمیرات، مریم نواز نے ارینا کا افتتاح کردیا

یادگارشہید تھیم پارک اوردیگرتعمیرات بھی کی گئیں،وزیراعلیٰ کی بطور مہمان خصوصی شرکت پاکستان میوزیم ، عالمگیری دروازہ ،فوڈ کورٹس بھی قائم ، 2026 میں ترقی کا سفر تیزتر ہوگا

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گزشتہ روز واہگہ بارڈر لاہور کا دورہ کیااور نئے تعمیر کئے گئے ارینا کا افتتاح کیا ،واہگہ بارڈر پر ارینا میں توسیع کے علاوہ بھی کئی نئی تعمیرات کی گئی ہیں ۔افتتاحی تقریب میں سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، کور کمانڈر لاہور، وزراء اور سینئر بیورکریسی بھی شریک تھی۔پاکستان رینجرز پنجاب کے زیرِ اہتمام جوائنٹ چیک پوسٹ واہگہ پر نئے ایرینا میں شائقین کی نشستوں کی تعداد ساڑھے 7 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کر دی گئی ہے ،دیگر نئی تعمیرات میں تقسیمِ ہند کی عکاسی کرنے کیلئے ریلوے سٹیشن کے ماڈل، سامانِ حرب اور یادگارِ شہداء پر مشتمل تھیم پارک شامل ہیں۔

ارینا میں تحریکِ آزادی سے آج تک پاکستان کی تاریخ و ثقافت سے متعلق پاکستان میوزیم بھی قائم کیا گیا۔اضافی دفاتر، پنجاب رینجرز کے جوانوں کیلئے بیرکس، نمازیوں کیلئے پریئر ایریا اور فوڈ کورٹس بھی نئی تعمیرات میں شامل ہیں۔وسیع و عریض کار پارکنگ اور بابِ آزادی کے مقام پر شاہی قلعہ کی طرز پر عالمگیری دروازہ بھی نصب کیا گیا۔ جوائنٹ چیک پوسٹ واہگہ پر نصب قومی پرچم 115 میٹر بلند تھا، اب 139 میٹر کی بلندی پر لہرا رہا ہے ۔جوائنٹ چیک پوسٹ پر لہرانے والا پرچم ایشیا کا ساتواں اور جنوبی ایشیا کا بلند ترین پرچم ہے۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ نے 2026 کو نوجوانوں کا سال قرار دینے کا اعلان کیا ہے ۔ مریم نواز نے سال نو کے آغاز پر اپنے پیغام پر مبارکباد دی اورملک و قوم کی خیر وعافیت کی دعاکرتے ہوئے کہا کہ دعاہے کہ سال نو پاکستان سمیت دنیا بھر کے لئے امن اور عافیت کا سال ثابت ہو۔دعاہے اللہ تعالیٰ پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام کو خوشیوں سے ہمکنار کرے اور2026 پاکستان کے عوام کے لئے خوشحالی کا پیامبر ثابت ہو۔ دعاہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کے ہر نوجوان کو بلندیوں کی راہ پر گامزن کرے ۔ پنجاب میں 2024ء سے شروع ہونے والا ترقی اور خوشحالی کا سفر 2026 میں تیز تر ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں