تورغر :امریکی شہری کا ہمالین گرے گورال کاشکار 4لاکھ ڈالرز کی آمدن
ایبٹ آباد(نمائندہ دنیا )ہزارہ ڈویژن کے علاقے تورغر کنڈر حسن زئی میں امریکی شہری ڈیرون جیمز نے نایاب نسل کے جانور ہمالین گرے گورال (Himalayan Grey Goral) کا کامیاب اور مکمل طور پر قانونی شکار کیا۔
پاکستان کی نایاب نسل ہمالین گرے گورال کے شکار پر اہلِ علاقہ نے اسے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا، قانونی شکار کے اس عمل کو متعلقہ حکومتی قوانین، وائلڈ لائف ضوابط اور مقامی کمیونٹی کی نگرانی میں مکمل کیا گیا،اہلِ علاقہ نے کنڈر گاؤں کے تمام معززین، کمیٹی ارکان اور منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا،امریکی شہری نے مقامی لوگوں کی مہمان نوازی کو بھی سراہا ، رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع تورغر میں امریکی شہری ڈیرون جیمز ملان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار محکمہ جنگلی حیات کے نان ایکسپورٹ ایبل ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ پر گرے گورال کا شکار کیا،محکمہ جنگلی حیات کے مطابق گرے گورال کے شکار سے ساڑھے 54 ہزارامریکی ڈالرز کی آمدن ہوئی، مجموعی طور پر گرے کے 6 نان ایکسپورٹیبل پرمٹس فروخت کیے گئے ، جس سے تین لاکھ ساڑھے 98 ہزار امریکی ڈالرز کی آمدن حاصل ہوئی،محکمہ جنگلی حیات نے بتایا کہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام سے حاصل آمدن کا 80 فیصد کنزرویشن کمیٹی کے اکاؤنٹ میں جمع ہوگا۔