پی پی 289:ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے اسامہ عبدالکریم بلا مقابلہ کامیاب
ڈیرہ غازیخان (ڈسٹرکٹ رپورٹر) صوبائی اسمبلی حلقہ PP-289 ( ڈیرہ غازی خان-IV) کے ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار اسامہ عبدالکریم بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے۔
ابتدائی طور پر میدان میں 11 امیدوار تھے ، جن میں سابق وزیر اعلی سردار دوست محمد کھوسہ سمیت 10 نے کاغذات نامزدگی واپس لے کر دستبرداری اختیار کر لی۔ بعد ازاں مسلم لیگ جناح کے امیدوار محمد عباد سدوزئی نے سیکشن 65 کے تحت ریٹائرمنٹ اختیار کی، جس کے نتیجے میں اسامہ عبدالکریم خود بخود بلا مقابلہ منتخب قرار پائے ۔ اسامہ عبدالکریم مسلم لیگ ن کے سینیٹر حافظ عبدالکریم کے بیٹے اور یوتھ ونگ کے رہنما ہیں۔ وزیر مملکت حذیفہ رحمان، سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، سیاسی و سماجی شخصیات اور اراکین اسمبلی نے کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ نوجوان لیڈر شہر کی تعمیر اور ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے ۔