نوازشریف گم نہیں ،ہماری شکلوں میں کیا نظر آتا ہے : طلال
دعا ہے شہباز اور سی ڈی ایف کی جوڑی وکٹ پر کھڑی رہے اور رنز بنتے رہیں اللہ کرے بھارتی وزیر خارجہ شنکر کا مصافحہ اخلاص والا ہو، منافقت نہ ہو، بیان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کا مصافحہ اللہ کرے اخلاص والا ہو، منافقت والا نہ ہو، اس سے پہلے بھارت نے جتنے بھی مصافحے کیے ہیں وہ سب منافقت والے تھے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ وہی بھارت ہے جو کھیلوں کے میدان میں بھی ہم سے ہاتھ نہیں ملاتا تھا، مئی کی جنگ نے دنیا میں ہر چیز بدل دی ہے ، اس وقت الحمدللہ پوری دنیا میں پاکستان کا بھارت سے زیادہ وزن ہے ۔وزیر مملکت نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی طور پر نہ صرف جنگ ہارا بلکہ اس کے بیانیہ کو بھی شکست ہوئی۔طلال نے کہا کہ مشیر اطلاعات کے پی اور عظمیٰ بخاری کے درمیان جو زبان استعمال ہوئی وہ نہیں ہونی چاہیے تھی۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ نواز شریف کہیں گم نہیں ہیں آپ کو ہماری شکلوں میں کیا نظر آتا ہے ، ہم سب نواز شریف ہیں، اس وقت نواز شریف کی ہی حکومت ہے ، اس وقت تمام گائیڈ لائن نواز شریف کی ہے اور ہماری توجہ صرف کام پر ہے ۔وزیر مملکت نے کہا کہ شہباز شریف اور سی ڈی ایف کی جو پارٹنرشپ ہے وہ رزلٹ دے رہی ہے ، اسی پارٹنرشپ نے دشمن ملک بھارت سے جنگ جیتی ہے اور معیشت بہتر کی، اسی پارٹنرشپ نے سفارتکاری کو عروج پر پہنچایا ہے ،اللہ کرے یہ جوڑی اسی طرح وکٹ پر کھڑی رہے اور پاکستان کیلئے رنز بنتے رہیں، مجھے دور دور تک ایسا کوئی بولر نہیں لگتا جو اس جوڑی کی وکٹ لے سکے ۔ افسوس سے یہ کہنا پڑتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا مشن کچھ اور ہے ، بانی پی ٹی آئی ایسی میز پر نہیں بیٹھنا چاہتے جس پر پاکستان کے مسائل کی بات ہو، بانی پی ٹی آئی جو چاہتے ہیں وہ کبھی نہیں ہوگا۔