پٹرول میں ایتھنول شامل کرنے کی رضاکارانہ پالیسی کی سفارش
اوگرا ایتھنول برآمدات،مقامی پٹرول میں آمیزش کے مالی پہلوؤں کا جائزہ لے ،اسحق ڈار
اسلام آباد (این این آئی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مقامی ریفائنریوں میں تیار ہونے والے پٹرول میں ایتھنول کی آمیزش سے متعلق تجویز پر اجلاس کی صدارت کی۔ چیئرمین اوگرا نے اجلاس کو تجویز پر بریفنگ دی۔ اجلاس کے بعد کمیٹی نے سفارش کی کہ چونکہ اس وقت ایتھنول کی قیمتیں پٹرول کے مقابلے میں زیادہ ہیں اس لیے ریفائنریوں اور ایتھنول تیار کرنے والی صنعت کے لیے مالی طور پر قابل عمل ہونے کی شرط پر رضاکارانہ آمیزش کی پالیسی اختیار کی جائے۔ اوگرا کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایتھنول کی برآمدات اور مقامی پٹرول میں آمیزش کے مالی پہلوؤں کا سہ ماہی جائزہ لے اور اپنی رپورٹ پٹرولیم ڈویژن کے ذریعے وزیراعظم آفس کو پیش کرے ۔علاوہ ازیں اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقتصادی انتظامی اصلاحات سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں توانائی، سماجی شعبے اور گورننس سمیت مختلف شعبوں میں حکومت کے جامع اقتصادی منصوبوں کے نفاذ کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔