2025پاکستان کرکٹ کیلئے کامیابیوں بھر اسال ثابت

2025پاکستان کرکٹ  کیلئے  کامیابیوں بھر اسال  ثابت

بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز، افغانستان، یو اے ای، زمبابوے اور سری لنکا کے خلاف دو ٹرائی سیریز جیتیں

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاکستان مینز اور پاتھ ویز کرکٹ کا سال 2025 مجموعی طور پر مثبت کارکردگی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔ سال 2025 میں پاکستان نے 56 بین الاقوامی میچز کھیلے جن میں سے 30 میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان نے 29 سال بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کر کے ایک بڑا اعزاز اپنے نام کیا۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کی کامیاب میزبانی کی گئی۔ زمبابوے اور سری لنکا کے ساتھ تین ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز سے پاکستان کی میزبانی کی صلاحیت مزید ثابت ہوئی۔ٹی ٹونٹی ٹیم نے 2025 میں ریکارڈ 34 میچز کھیلے جن میں 21 میں فتح حاصل کی۔ سلمان علی آغا کی قیادت میں بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز جیتی گئیں۔

پاکستان نے افغانستان، یو اے ای، زمبابوے اور سری لنکا کے خلاف دو ٹرائی سیریز ٹائٹلز بھی اپنے نام کیے ۔انفرادی کارکردگی میں صاحبزادہ فرحان نے 2025 میں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 771 رنز سکور کیے جبکہ محمد نواز نے 36 وکٹیں حاصل کیں۔ عثمان طارق نے کیریئر کے آغاز میں ہی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کیا۔ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف سیریز جیتیں، جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز برابر رہیں۔ شان مسعود نے ٹیسٹ میچز میں 397 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔ڈیولپمنٹ لیول پر بھی پاکستان کو نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ پاکستان شاہینز نے رائزنگ سٹارز ایمرجنگ ایشیا کپ جیتا جبکہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے بھارت کو فائنل میں شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ اپنے نام کیا۔ پاکستان نے ہانگ کانگ سپر سکسز ٹورنامنٹ بھی جیتا۔اس حوالے سے عاقب جاوید نے کہا کہ زیادہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے سے بینچ سٹرینتھ مضبوط ہوئی ہے اور بطور سلیکٹر وہ اس کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں