آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ پر ریٹائرمنٹ کے لیے دباؤ بڑھنے لگا
لاہور (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے بائیں ہاتھ کے بیٹر عثمان خواجہ پر ریٹائرمنٹ کے لیے دباؤ بڑھنے لگا۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق عثمان خواجہ ایشیز سیریز کے پانچویں ٹیسٹ سے قبل آج سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں میڈیا سے گفتگو کریں گے ۔
اس حوالے سے ایڈم گلکرسٹ کا کہنا ہے کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ عثمان خواجہ میڈیا کا سامنا کریں گے ، مجھے نہیں پتا کس چیز پر بات ہو گی لیکن فوکس مستقبل کے حوالے سے ہی ہو گا۔ متعدد سابق کرکٹرز عثمان خواجہ کو کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا کہہ رہے ہیں۔آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ عثمان خواجہ کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کرنے کی خبریں گردش کر رہی ہیں، عثمان خواجہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتے ہیں۔ عثمان خواجہ سیریز کے پہلے پرتھ ٹیسٹ سے کمر کی تکلیف کا شکار ہونے کے بعد تنقید کی زد میں ہیں۔عثمان خواجہ تکلیف کے باعث برسبین ٹیسٹ نہ کھیل سکے جبکہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے انہیں ڈراپ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ عثمان خواجہ کا بحیثیت اوپنر کردار ختم ہو چکا ہے ، ٹریوس ہیڈ اوپننگ کر رہے ہیں۔ 39 سالہ عثمان خواجہ 87 ٹیسٹ، 40 ون ڈے اور 9 ٹی ٹونٹی میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔