سوئٹزرلینڈ:شراب خانے میں نیو ایئر کی پارٹی، آتشزدگی سے 40ہلاک،115زخمی

سوئٹزرلینڈ:شراب خانے میں نیو ایئر کی پارٹی، آتشزدگی سے 40ہلاک،115زخمی

بیشتر کی حالت تشویشناک ،ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ،آگ حادثاتی ، دہشتگردی یا حملے کا ثبوت نہیں ملا،پولیس ،آتشزدگی وجوہات کا تعین کیا جا رہا،سوئس حکام متاثرہ افراد کی عمریں 15سے 20سال،کئی غیر ملکی شامل، صدر زرداری ، وزیر اعظم شہباز کا اظہار افسوس ،نیدرلینڈز میں جشن کے دوران بد امنی ، چرچ جل گیا ،2ہلاک

برن، ایمسٹرڈیم ، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ کے علاقے والیس میں ا سکی ریزورٹ کے شراب خانے میں نیوائیر کی پارٹی کے دوران لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم ازکم 40افراد ہلاک اور115 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ متاثرہ افراد کی عمریں 15سے 20سال کے درمیان ہیں ،میڈیا رپورٹس کے مطابق کرانس مونٹانا میں معروف اسکی ریزورٹ کی یہ بار مہمانوں سے بھری ہوئی تھی اور وہاں سال نو کی ایک پارٹی جاری تھی کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔مقامی پولیس نے بتایا کہ 31 دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی رات نصف شب کے بعد بہت تیزی سے پھیلنے والی اس ہولناک آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے کارکن اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئے تھے ۔سوئس پولیس نے بتایا ہے کہ کرانس مونٹانا اسکی ریزورٹ کے مشہور بار میں نئے سال کی تقریبات کے دوران آگ لگنے سے تقریباً 40 افراد ہلاک اور 115 زخمی ہوئے ، جن میں زیادہ تر کی حالت تشویشناک ہے ۔ والیس کانٹن کے پولیس کمانڈر فریڈریک گزلر کے مطابق یہ واقعہ نوجوانوں کے رات کے جشن کے دوران پیش آیا۔ سوئس صدر پارملن نے سانحے کو ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی المناک ترین آفتوں میں سے ایک قرار دیا۔مقامی حکام نے بتایا کہ وہ ابھی تک اس آتشزدگی کی وجوہات کے تعین کی کوششیں کر رہے ہیں ،حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ ان کی رائے میں یہ سانحہ کسی حملے کا نتیجہ نہیں ہے ۔آگ حادثاتی تھی ، دہشتگردی یا جان بوجھ کر کیے گئے حملے کا کوئی ثبوت نہیں ملا،پولیس نے کہا ہے کہ کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے ،ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے ۔

متاثرین میں غیر ملکی بھی شامل ہیں ۔آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔کرانز مونٹانا کے پولیس کمانڈر فریڈرک گیزلر نے میڈیا کو بتایا خدشہ ہے کہ اس سانحے میں انسانی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد کئی درجن ہو سکتی ہے ۔بہت سے شدید زخمی ہیں اور ان کی حالت نازک ہے ۔واقعے کے بعد والیس کے سوئس کینٹن کی انتظامیہ کی طرف سے بتایا گیا کہ علاقے کے مرکزی ہسپتال کا ایمرجنسی یونٹ زخمیوں سے بھر گیا تھا، جس کے بعد ریسکیو کیے گئے باقی ماندہ زخمیوں کو سوئٹزرلینڈ کے دیگر علاقوں کے ہسپتالوں میں پہنچانا شروع کر دیا گیا۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سوئٹزرلینڈ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی ۔صدر نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نیو ائیر نائٹ پر ا سکی ریزارٹ میں آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔وزیراعظم نے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہم سوئس حکومت اور سوئٹزرلینڈ کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔دوسری جانب نیدرلینڈز میں نئے سال کی رات شدید بدامنی کے دوران ایمسٹرڈیم کے انیسویں صدی کے تاریخی چرچ فونڈل کرک میں خوفناک آگ لگ گئی، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ حکام کے مطابق چرچ کا پچاس میٹر بلند ٹاور گر گیا جبکہ چھت بری طرح متاثر ہوئی۔ آتشبازی کے واقعات میں ایک سترہ سالہ لڑکا اور ایک اڑتیس سالہ شخص ہلاک ہو گئے ۔ پولیس یونین نے سکیورٹی اہلکاروں پر غیر معمولی تشدد کی اطلاع دی ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں