ملکی جی ڈی پی میں بلیو اکانومی کا حصہ صرف ایک فیصد،وزیرمنصوبہ بندی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ بلوچستان کے سمندری علاقے ملک کی معیشت میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں اور گوادر کو طویل المدتی معاشی پلیٹ فارم کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے ۔
سیاحت کے شعبے میں بلیو اکانومی کے امکانات پر بھی کام کیا جا رہا ہے ، پاکستان کی جی ڈی پی میں بلیو اکانومی کا حصہ صرف ایک فیصد ہے ۔ بلیو اکانومی پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بلیو اکانومی پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے ، ہزار کلومیٹر ساحل اور وسیع سمندری حدود کے باوجود مکمل صلاحیت استعمال نہیں ہو سکی۔ان کا کہنا تھا کہ گوادر اور کراچی پورٹس کو مرکزی ایشیا کے ساتھ تجارتی روابط کے لیے ترقی دی جا رہی ہے ، صرف ماہی گیری نہیں بلکہ پروسیسنگ، برانڈنگ اور مارکیٹنگ پر بھی توجہ ضروری ہے ، اڑان پاکستان کے تحت بلیو اکانومی کو قومی ترقی کا سٹریٹجک ستون بنایا گیا ہے ۔