مریم نواز کا امراض قلب کی انٹرا ویسکولر سرجری متعارف کرانے کیلئے اقدامات کا حکم
وزیراعلیٰ سے اوکلاہوما ہارٹ ہسپتال کے وفد کی ملاقات، امریکی ڈاکٹرز جدید تکنیک کیلئے ڈاکٹروں کو ٹریننگ دیں گے مریم نواز نے رخسانہ فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا، پی پی 289کے ضمنی الیکشن میں اسامہ عبدالکریم کی کامیابی پر مبارکباد
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب میں امراضِ قلب کے علاج کیلئے انٹراویسکولر سرجری کی جدید ترین تکنیک متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ،امریکی ڈاکٹرزانٹراویسکولر سرجری کی جدید ترین تکنیک کیلئے ڈاکٹروں کو ٹریننگ دیں گے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اوکلاہوما ہارٹ ہسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر نعیم طاہرخیلی کی قیادت میں وفد نے گزشتہ روز ملاقات کی، اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ انٹراویسکولر سرجری روایتی اوپن سرجری کا جدید اور محفوظ ترین متبادل ہے، خون کی نالی میں چھوٹے سے سوراخ سے انجیوپلاسٹی، سٹینٹ اور ابلیشن کی جاتی ہے۔
چلڈرن، نشتر اور جناح ہسپتال کے ڈاکٹرز کو ٹریننگ کی تجویز پر اتفاق کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نواز شریف میڈیکل سٹی میں امراض قلب کا جدید طریقہ کار متعارف کروانے کیلئے اقدامات کا حکم دیدیا ۔رخسانہ فاؤنڈیشن کی ہیلتھ اور تعلیمی خدمات پربھی بریفنگ دی۔پنجاب میں ڈاکٹرز کی ٹریننگ کیلئے خدمات حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے رخسانہ فاؤنڈیشن کی ہیلتھ اور تعلیمی خدمات کو سراہا۔ مریم نواز نے انٹراویسکولر سرجری کیلئے جدید طبی آلات کی خریداری کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے پی پی 289 ڈیرہ غازی خان کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کے امیدوار اسامہ عبدالکریم کی بلامقابلہ کامیابی پر مبارکباددیتے ہوئے حلقہ کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے ،وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسامہ عبدالکریم کی کامیابی کو پارٹی قائد نواز شریف کے عوامی خدمت کے ویژن کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈی جی خان نے ثابت کر دیا کہ پنجاب میں عوام صرف ترقی چاہتے ہیں، دوسال سے کم عرصے میں پاکستان مسلم لیگ (ن)نے وہ کر دکھایا جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔