آئی ایل ٹی ڈیوڈ وائٹ میچز پاکستان میں بھی کرانے کے خواہشمند
پاکستان کرکٹ بورڈ سے اچھے روابط ہیں،ہم پاکستانی کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستانی کرکٹرز کا لیگ میں بڑا کردار اگلے سالوں میں پاکستان کی نمائندگی بڑے پیمانے پر ہوگی، ہیسن پاکستان کرکٹ کو فائدہ پہنچائیں گے ،چیف ایگزیکٹو انٹر نیشنل لیگ
دبئی (سپورٹس ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں جاری انٹر نیشنل لیگ ٹی ٹونٹی (آئی ایل ٹی) کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ مستقبل میں پاکستان میں بھی لیگ کے میچ کرانے کا سوچا جائے ، ہمارے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اچھے روابط ہیں۔متحدہ عرب امارات میں جاری انٹر نیشنل لیگ ٹی ٹونٹی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا پاکستان سے گہرا تعلق ہے ۔1990میں پاکستان کے دورے میں دوٹیسٹ اور تین ون ڈے کھیل کر ان کا انٹرنیشنل کیریئر وسیم اکرم اور وقار یونس کی بولنگ نے ختم کردیا۔
2012میں ڈیوڈ وائٹ نے کرکٹ نیوزی لینڈ کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے مائیک ہیسن کو پہلی بار قومی ٹیم کا کوچ بنایا۔ان کا کہنا ہے کہ ہیسن پاکستان کرکٹ کو بھی فائدہ پہنچائیں گے ۔3 سال قبل ڈیوڈ وائٹ نے آئی ایل ٹی ٹونٹی میں انتظامی امور سنبھالے ، اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ انٹر نیشنل ٹورنامنٹس کی وجہ سے لیگ کو ونڈو کے چیلنجوں کا سامنا ہے ، اس کے باوجود دنیا کے بہترین کھلاڑی اس میں شریک ہیں،پاکستان کے 6 کھلاڑی فخر زمان،نسیم شاہ،عثمان طارق، حسن نواز اور ظفر گوہر ڈیزٹ وائزر ٹیم کا حصہ ہیں، کھلاڑیوں کو لینے کا اختیار ٹیموں کی انتظامیہ کے پاس ہے ہم اس میں مداخلت نہیں کرسکتے ۔ لیگ کو پروفیشنل انداز میں کرواکر اس خطے میں کرکٹ کو فروغ دے رہے ہیں ،ہم پاکستانی کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستانی کرکٹرز کا لیگ میں بڑا کردار ہے اور اگلے سالوں میں پاکستان کی نمائندگی بڑے پیمانے پر ہوگی۔ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ ایک ٹیم آٹھ غیر ملکی، دو اماراتی اور ایک ایسوسی ایٹ ملک کے کھلاڑی کی شرکت سے منفرد انداز میں تجربہ کیا گیا ہے اس لیگ سے آئی سی سی کے ایسوسی ایٹس ملکوں کو فائدہ ہورہا ہے ۔