اپوزیشن سے مذاکرات کے امکانات دم توڑ چکے : رانا ثنا

 اپوزیشن سے مذاکرات کے امکانات دم توڑ چکے : رانا ثنا

اڈیالہ جیل کا قیدی اس ملک میں جو چاہ رہا ہے وہ نہیں ہوگا:دنیا نیوز سے گفتگو

لاہور(سلمان غنی سے )وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اﷲنے کہا ہے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے امکانات دم توڑ چکے ہیں، جس میں بنیادی وجہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ ہے جو اپنی سیاسی بقا کیلئے حکمران اتحاد کے ساتھ بیٹھنے کو خطرناک قرار دے رہی ہے ۔بانی پی ٹی آئی نے اپنی ہمشیرہ عظمیٰ خان سے جو گفتگو کی اور پاکستان کے اہم ادارے کی لیڈر شپ کے بارے میں جو طرز عمل اختیار کیا وہ کسی طرح بھی سیاسی اور جمہوری نہیں نہ ہی ریاست اسے ہضم کرسکتی ہے اور یہ خود حکومت کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔

دنیا نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت خصوصاً وزیراعظم شہباز شریف نے نہایت سنجیدگی اختیارکرتے ہوئے اپوزیشن سے مذاکرات کی بات کی اور وہ ا یسی کوئی پیشکش صدر ،اسٹیبلشمنٹ اور اپنی لیڈر شپ کے مشورہ کے بغیر نہیں کرسکتے تھے، لیکن جواباً اپوزیشن اور خصوصاً پی ٹی آئی کے ذمہ داروں نے جو طرز عمل اختیار کیا اور جس طرح کی شرائط کی باتیں کیں وہ مذاکرات کے پیمانے پر پوری نہیں اترتیں۔ رانا ثنا نے کہا حکومت نے مذاکرات کیلئے اپنی نیک نیتی ظاہر کی اور اب یہ حیلے بہانے اور الزام تراشی کرکے اس سے بھاگ رہے ہیں کہ اڈیالہ جیل کا قیدی اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر اڑاہے اور وہ اس انتظار میں ہے کہ پاکستان بنگلہ دیش اور نیپال بنے گا اور وہ ہیرو بن کر نکلے گا ،اسے نہیں معلوم کہ پاکستان بنگلہ دیش اور نیپال نہیں ،نہ ہی یہاں حکومت اور عوام میں فاصلے ہیں ، ہیرو خان کو معلوم نہیں کہ اب وہ زیرو ہیں۔

انہوں نے کہا مذاکرات کے عمل میں ڈیڈ لاک کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے ،بیرسٹرگوہر ، اسد قیصر یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ ایک فریق بات چیت شروع کرے پھر ہم بانی کو اس پر منالیں گے ،ایک ایسا شخص جس کے نزدیک یہ ریاست معتبر ہے اور نہ ریاستی اداروں کے ذمہ دار، اس سے کوئی کیسے بات کرے گا۔ انہوں نے کہا ہم سیاسی کارکن مسائل کے سیاسی حل کی بات کرتے ہیں لیکن اگر کوئی یہ سمجھے کہ وہ آئین، قانون اور ریاست سے بالاتر ہے تو وہ یاد رکھے ریاست اتنی کمزور نہیں ،ہم ملکی مفادات کا تحفظ کرنا بھی جانتے ہیں اور پاکستان پر حملہ کرنے والوں کے دانت توڑنا اور انہیں ان کے انجام تک پہنچانے کا گر جانتے ہیں۔ رانا ثنا نے کہا ہم نے سیاسی راستہ دینے کی کوشش کی لیکن یہ اسے ہماری کمزوری سمجھتے ہیں۔ ان کا لیڈر حکومت اور ریاست کو بلیک میل کرنے کے چکر میں ہے ،ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا اڈیالہ جیل کا قیدی اس ملک میں جو چاہ رہا ہے وہ نہیں ہوگا۔ مذاکرات تبھی ہوں گے جب مخالفین کا طرز عمل سیاسی ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں