وینزویلا کا اغوا شدہ صدر اور جنگی قیدی ہوںـ مادورو کی امریکی عدالت میں پیشی، پائوں میں بیڑیاں

وینزویلا کا اغوا شدہ صدر اور جنگی قیدی ہوںـ مادورو کی امریکی عدالت میں پیشی، پائوں میں بیڑیاں

نیویارک کی عدالت میں میاں بیوی کا منشیات کی سمگلنگ کے الزامات سے انکار ، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس،امریکا نے عالمی قوانین کا احترام نہیں کیا :سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کولمبیا کے صدر کا دھمکی پر ہتھیار اٹھانے کا اعلان ،سوئٹزرلینڈ میں مادورو کے اثاثے منجمد ، مادورو کی واپسی کیلئے ہر ممکن اقدام کرینگے،وینزویلا،ڈیلسی نے پارلیمنٹ میں بھی حلف اٹھا لیا مزید مظاہرین ہلاک ہوئے تو ایران پر حملہ کر دینگے ،بھارت پر ٹیرف بڑھا سکتے ،گرین لینڈ امریکا کا حصہ ہونا چاہیے :ٹرمپ، دھمکیاں ناقابل قبول:ڈنمارک

واشنگٹن،نیو یارک،کراکس(اے ایف پی، دنیا مانیٹرنگ)وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے امریکی عدالت میں الزامات تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں وینزویلا کا اغوا شدہ صدر اور جنگی قیدی ہوں۔مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیو یارک کے علاقے بروکلین سے بذریعہ ہیلی کاپٹر مین ہیٹن لایا گیا جہاں سے انہیں ایک بکتر بند گاڑی میں عدالت منتقل کیا گیا۔ مادورو کو قیدیوں کا یونیفارم پہنائے اور ہتھکڑیوں میں جکڑ کر عدالت میں پیش کیا گیا،ان کے پیر بیڑیوں میں جکڑے ہوئے تھے ،ان کی اہلیہ سیلیا فلورس بھی جیل کا لباس پہنے ہوئے تھیں ۔

وفاقی عدالت کے جج نے مادورو سے اپنی شناخت بتانے کو کہا تو انہوں نے بتایا کہ وہ وینزویلا کے صدر ہیں۔ جج نے مادورو کے خلاف الزامات پڑھ کر سنائے ، جن میں منشیات اور دہشت گردی کے الزامات شامل تھے۔ تاہم مادورو نے تمام الزامات کو رد کرتے ہوئے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور کہا میں بے گناہ ہوں، میں اب بھی اپنے ملک کا صدر اور مہذب آدمی ہوں، یہاں جن باتوں کا ذکر کیا گیا ہے ان میں سے کسی کا بھی میں قصوروار نہیں ہوں، مجھے گھر سے اغوا کیا گیا۔

مادورو کی اہلیہ نے بھی اپنی بے گناہی پر زور دیتے ہوئے کہا وہ بے قصور اور بے گناہ ہیں،انہوں نے بھی منشیات کی سمگلنگ کے الزامات سے انکار کیا ۔جج نے حکم دیا کہ دونوں قید میں رہیں ، جج نے مادورو اور ان کی اہلیہ کو 17 مارچ کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔فرد جرم میں چار الزامات درج تھے ، جن میں منشیات، دہشت گردی کی سازش ،مشین گنوں اور تباہ کن آلات کی ملکیت شامل ہے ۔خیال رہے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو ہفتے کو وینزویلا میں امریکی فوجی آپریشن کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔مادورو کی پیشی سے پہلے نیویارک کی عدالت کے باہر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے جنہوں نے صدر مادورو کے حق میں مظاہرے کیے ۔ نیویارک کے علاقے بروکلین میں لوگوں نے وینزویلا میں امریکی مداخلت اور مادورو کی رہائی کے لیے احتجاج کیا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وینزویلا کے خلاف امریکی کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کے خلاف قرار دے دیا۔اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں وینزویلا کی موجودہ صورتحال پر بحث ہوئی اور تشویش کا اظہار کردیا۔

اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے انتونیو گوتریس کی جانب سے ایک بیان پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ امریکی تحویل میں ہیں، تمام فریق اقوام متحدہ چارٹر کی پاسداری کریں۔ان کا کہنا تھا کہ دھمکی یا طاقت کے استعمال پر پابندی ضروری ہے ، قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے ۔سیکر ٹری جنرل یو این نے کہا کہ بین الاقوامی قانون میں منشیات کی غیر قانونی سمگلنگ، وسائل کے تنازعات اور انسانی حقوق سے متعلق مسائل کے حل کے مؤثر ذرائع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وینزویلا میں 3 جنوری کی فوجی کارروائی میں بین الاقوامی قوانین کی پاسداری نہیں کی گئی، اقوام متحدہ کے چارٹر میں کسی ریاست کی سالمیت یا آزادی کے خلاف طاقت یا دھمکی پر پابندی ہے ۔یو این سیکرٹری جنرل نے کہا کہ امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر اور تمام متعلقہ قانونی فریم ورک کا احترام ناگزیر ہے ۔امریکی صدر ٹرمپ نے ایران ، کولمبیا، کیوبا ، میکسیکو اور بھارت کو پھر دھمکیاں دی ہیں ، ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر جاری مظاہروں کے دوران مزید مظاہرین ہلاک ہوئے تو امریکا سخت ردعمل دے گا۔

ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے ۔ اگر ایرانی حکام نے ماضی کی طرح تشدد کا راستہ اپنایا تو امریکا کی جانب سے سخت کارروائی ہو سکتی ہے ۔ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران میں احتجاج دوسرے ہفتے میں داخل ہو چکا ہے ۔ٹرمپ نے وینزویلین صدر مادورو کی حمایت اور دیگر اختلافات پر کولمبیا کو بھی سخت نتائج کی دھمکی دی ہے ،ٹرمپ نے کہا وینزویلا کے رہنما کی گرفتاری کے بعد کیوبا کی حکومت بھی جلد گرنے کے لیے تیار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کیوبا کیلئے وینزویلا کے سستے تیل کی مسلسل فراہمی کے بغیر برقرار رہنا مشکل ہوگا۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا کو کیوبا میں کسی فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں، اور صورتحال خود بخود نیچے جا رہی ہے ۔ ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ میکسیکو کے ساتھ بھی کچھ کرنا پڑے گا،امریکی فوج میکسیکو میں داخل ہو سکتی ہے ۔امریکی صدر نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ امریکا بھارت پرمزید ٹیرف بڑھا سکتا ہے ۔

ٹرمپ نے خطاب کے دوران کہا کہ واشنگٹن روسی تیل کے معاملے پر نئی دہلی کے رویے کا بغور جائزہ لے رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت روسی تیل کے مسئلے پر تعاون نہیں کرتا تو ہم اس پر ٹیرف بڑھا سکتے ہیں۔صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی مذاکرات جاری ہیں۔ ٹرمپ نے دوبارہ کہا ہے کہ گرین لینڈ کو امریکا میں شامل کیا جانا چاہیے ۔ ہمیں گرین لینڈ قومی سلامتی کے نقطہ نظر سے چاہیے ۔ٹرمپ نے دوبارہ کہا کہ گرین لینڈ کو امریکا میں شامل کرنا قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے ۔ ڈنمارک کی وزیر اعظم جینز فریڈرک نیلسن نے واضح کہااب بس، مزید دباؤ یا الحاق کے خیالات قابل قبول نہیں۔

انہوں نے ٹرمپ سے گرین لینڈ پر قبضے کی دھمکیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کو گرین لینڈ یا ڈنمارک کی کسی ریاست کو ضم کرنے کاحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قریبی اتحادی کے خلاف ایسی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں۔ گرین لینڈ اور اس کے عوام فروخت کے لیے نہیں۔ ڈنمارک اور گرین لینڈ نیٹو کے رکن ہیں اور اس معاہدے کی سلامتی کی ضمانتیں حاصل ہیں۔ عالمی برادری اور فرانس سمیت دیگر ممالک نے سرحدوں میں زبردستی تبدیلی کی مذمت کی۔

میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینبام نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ان کے ملک میں امریکی مداخلت کا کوئی امکان ہے ۔ انہوں نے مادورو کی گرفتاری کی مخالفت دہراتے ہوئے کہا میکسیکو منشیات کی سمگلنگ کے خلاف تعاون کے لیے تیار ہے ، لیکن کسی قسم کی ماتحتی یا مداخلت قبول نہیں کرے گا۔ کولمبیا کے صدر گوستاوو پیٹرو نے امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کے بعد ملک کی حفاظت کے لیے ہتھیار اٹھانے کا عندیہ دیا ہے ۔ سابق گوریلا رہنما پیٹرو نے سوشل میڈیا پر کہا میں نے کبھی ہتھیار نہ اٹھانے کی قسم کھائی تھی لیکن وطن کے لیے دوبارہ اٹھاؤں گا۔ ٹرمپ نے پیٹرو کو کوکین بنانے اور بیچنے میں ملوث قرار دیا تھا ۔ پیٹرو نے ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ منشیات کے کاروبار میں ملوث نہیں اور ان کا نام کسی عدالتی ریکارڈ میں موجود نہیں۔ ٹرمپ نے پیٹرو کو کولمبیا کا بیمار رہنما قرار دیتے ہوئے فوجی کارروائی کے امکانات کی دھمکی دی، جس کے بعد پیٹرو نے سوشل میڈیا پر جواب دیا دوست بمباری نہیں کرتے ۔

کولمبیا کی وزارت خارجہ نے ٹرمپ کی دھمکیوں کو ناقابل قبول مداخلت قرار دیا اور احترام کا مطالبہ کیا۔کیوبا کی حکومت نے بتایا ہے کہ امریکی حملے کے دوران وینزویلا میں صدر نکولس مادورو کے گرفتار ہونے کے واقعے میں 32 کیوبا کے شہری ہلاک ہو گئے ۔ حکومت کی طرف سے بیان میں کہا گیا کہ یہ امریکی حکومت کے مجرمانہ حملے کا نتیجہ تھا، جس میں کیوبائی شہری لڑائی کے دوران جان سے گئے ۔ وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز نے امریکا کے ساتھ متوازن اور باعزت تعلقات قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔ روڈریگیز نے ٹیلیگرام پر لکھا کہ ہم امریکا کے ساتھ تعاون کے لیے مشترکہ ترقی کے ایجنڈے پر کام کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔

انہوں نے تعلقات کی بہتری کو ترجیح قرار دیا اور امن و تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز نے ایک کمیٹی قائم کی ہے جو صدر نکولس مادورو اور ان کی بیوی کی رہائی کے لیے کام کرے گی۔ کمیٹی کی سربراہی قومی اسمبلی کے صدر جارجے روڈریگز اور وزیر خارجہ ایوان گِل کریں گے ، جبکہ اطلاعات کے وزیر فریڈی نانیز بھی اس کا حصہ ہوں گے ۔وینزویلا کی پارلیمنٹ نے ڈیلسی روڈریگز کو عبوری صدر کی حیثیت سے حلف دلا دیا۔ یہ پیشرفت سابق صدر نکولس مادورو کی امریکی فوج کے ہاتھوں گرفتاری اور نیویارک منتقلی کے دو دن بعد سامنے آئی۔

قومی اسمبلی میں ہونے والی تقریب کے دوران ڈیلسی روڈریگز نے کہا کہ وہ تمام وینزویلا کے عوام کی نمائندگی میں عہدہ سنبھال رہی ہیں۔ وینزویلا کی پارلیمنٹ نے پیر کے روز جارج روڈریگز کو دوبارہ سپیکر منتخب کرلیا، جو عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز کے بھائی ہیں۔ امریکی کارروائی میں صدر نکولس مادورو کی برطرفی کے بعد روڈریگز خاندان کو ایگزیکٹو اور قانون ساز اداروں پر مکمل کنٹرول حاصل ہو گیا ہے ۔ عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز کو فوج اور مادورو کے رکن پارلیمنٹ بیٹے نکولس مادورو گویرا کی حمایت بھی حاصل ہے ۔ اجلاس کے دوران ارکانِ پارلیمنٹ نے مادورو کی گرفتاری کی شدید مذمت کی، جنہیں اہلیہ سمیت نیویارک میں منشیات سمگلنگ کے مقدمات کا سامنا ہے ۔وینزویلا کی پارلیمنٹ کے نومنتخب سپیکر جارج روڈریگز نے معزول صدر نکولس مادورو کی وطن واپسی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا اعلان کر دیا۔ پارلیمنٹ سے خطاب میں جارج روڈریگز کا کہنا تھا کہ بطور صدرِ قومی اسمبلی ان کی اولین ترجیح مادورو کو واپس لانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے تمام قانونی، سفارتی اور سیاسی فورمز استعمال کیے جائیں گے ۔ وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو اور ان کی بیوی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے تقریباً 2ہزار حامیوں نے کراکس میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے وینزویلا کے سرخ، نیلے اور پیلے پرچم اٹھائے اور ہمارے صدر کو آزاد کرو جیسے پلے کارڈز دکھائے ۔ کچھ مظاہرین نے الزام لگایا کہ مادورو کی گرفتاری میں ان کے قریبی حلقے کے افراد نے دھوکہ دیا۔مظاہرین نے صدر ٹرمپ پر بھی تنقید کی اور امریکا کی مداخلت کو مسترد کیا۔ڈاکٹروں کے مطابق امریکی فورسز کی جانب سے حملے میں سکیورٹی اہلکار اور شہری ہلاک ہوئے ، جبکہ 70 افراد مارے گئے اور 90 زخمی ہوئے ۔ وینزویلا کے اپوزیشن رہنما ایڈمونڈو گونزالیز یوریوٹیا نے کہا کہ امریکی فورسز کی جانب سے صدر نیکولس مادورو کو ہٹانا ایک اہم قدم ہے ، مگر کافی نہیں۔

سپین میں جلاوطن وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر یوریوٹیا نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ملک تب ہی معمول پر آئے گا جب تمام سیاسی قیدی رہائی پائیں اور 2024 کے انتخابات کے نتائج کا احترام کیا جائے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ان انتخابات میں جیتے تھے ، اور ملکی بحران کی مکمل بہتری کے لیے یہ اقدامات ضروری ہیں۔ وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو کے بیٹے نکولس مادورو گویرا نے عوام سے سڑکوں پر نکل کر اپنے والد کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا۔ 35 سالہ مادورو گویرا نے سوشل میڈیا پر جاری آڈیو میں کہاآپ ہمیں عوام کے ساتھ، وقار کے جھنڈے کے ساتھ دیکھیں گے ۔ ہم کمزوری نہیں دکھائیں گے ۔سوئس حکومت نے معزول وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان سے وابستہ افراد کے سوئٹزرلینڈ میں موجود تمام اثاثے فوری طور پر منجمد کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ یہ فیصلہ مادورو کی کراکس میں گرفتاری اور بعد ازاں نیویارک منتقلی کے بعد کیا گیا۔

سوئس حکام کا کہنا ہے کہ اقدام کا مقصد ممکنہ طور پر غیر قانونی طور پر حاصل کیے گئے اثاثوں کی منتقلی روکنا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ اثاثے چار سال تک منجمد رہیں گے اور اگر رقوم غیر قانونی ثابت ہوئیں تو انہیں وینزویلا کے عوام کے مفاد میں استعمال کیا جائے گا۔سنگل امریکی کارروائی میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گر گئیں ۔برنٹ اور ڈبلیو ٹی آئی کی قیمتیں کم ہوئیں، جبکہ سونے اور چاندی کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ امریکی صدر نے وینزویلا کے تیل کے بڑے ذخائر تک امریکی کمپنیوں کو رسائی کی اجازت دینے کا اعلان کیا، جس سے توانائی اور دفاعی کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق قلیل مدتی اتار چڑھاؤ سے قیمتوں پر محدود اثر پڑے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں