کائٹ فلائنگ ایکٹ پرعملدرآمد روکنے کی استدعا مسترد
ایکٹ آئین کیخلاف، خونیں کھیل کی اجازت زندگی سے کھیلنا :درخواست گزار عدالتی حکم پر کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کو فریق بنادیا گیا، سماعت ملتوی
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے کائٹ فلائنگ ایکٹ2025 پر فوری عملدرآمد روکنے کی استدعا مسترد کردی اور فریقین کو دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے کارروائی 16جنوری تک ملتوی کردی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اویس خالد نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 آئین کے بنیادی اصولوں کیخلاف ہے ، پتنگ بازی خونیں کھیل ہے ،اس کی اجازت دینا شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے ، عدالت کائٹ فلائنگ ایکٹ کو کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک ایکٹ پر عملدرآمد روکنے کا حکم دے ۔دوران سماعت عدالت نے کائٹ فلائنگ ایکٹ پر فوری عملدرآمد روکنے کی استدعا مسترد کردی ۔عدالتی حکم پر درخواست گزار نے کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کو فریق بنادیا ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر سرکاری وکیل کو دلائل کی ہدایت کردی۔