بہت لوگ انسانیت کیلئے کام کررہے
لاہور(سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ڈائریکٹر جنرل پنجاب/ ایڈمنسٹریٹر ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی (پی ہوٹا) پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان نے سربراہ ویجیلنس سیل ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی عدنان احمد بھٹی کے ہمراہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی ہے۔
اس دوران گورنر پنجاب کو پی ہوٹا کے انسانی اعضا کی پیوندکاری کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گفتگو میں کہا کہ مصیبت اور تکالیف میں گھرے غریب اور بے سہارا افراد کی خدمت کرنا اور ان کے دکھوں کا مداوا بہت بڑی نیکی ہے ، ہمارے معاشرے کا مثبت پہلو یہ ہے کہ یہاں بہت سے لوگ انسانیت کی فلاح کیلئے بے لوث خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پی ہوٹا انسانی اعضا کی پیوندکاری کے مریضوں کیلئے آسانی پیدا کر رہی جو خوش آئند بات ہے جبکہ پی ہوٹا کی غیر قانونی طور پر اعضا کی پیوندکاری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی بھی قابل ستائش ہے ۔ ڈاکٹر عامر خان نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ پی ہوٹا نے مختلف اعضا کی پیوندکاری کیلئے 100 سے زائد ہسپتال رجسٹرڈ کئے ہیں ،2017 سے اب تک غیر قانونی اعضا کی پیوندکاری میں ملوث سینکڑوں افراد کے خلاف 40 سے زائد مقدمات درج کروائے ۔گورنر پنجاب نے ڈاکٹر عامر خان اور عدنان احمد بھٹی کو دکھی انسانیت کیلئے خدمات پر تعریفی سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا۔