جڑواں شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، دھند کے باعث ٹرپنگ، پیداوار کم ہوگئی
500/220 کے وی ٹرانسمیشن لائنیں متاثر ہورہیں،جلد کوٹہ دستیاب ہونے پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی شروع ہوجائیگی:حکام آج تمام 11کے وی فیڈرز کی سالانہ مینٹی نینس منسوخ ، تعمیراتی، جی ایس او سے متعلقہ معطلی شیڈول کے مطابق ہوگی:آئیسکو
اسلام آباد(دنیا رپورٹ، آن لائن )جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں بجلی کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ، باربار ٹرپنگ سے نظام زندگی متاثر، آئیسکو حکام کاکہنا ہے شدید دھند کے باعث 500/220 کے وی ٹرانسمیشن لائنوں کی ٹرپنگ کی وجہ سے بجلی کی پیداوار کم ہو گئی، جسکی بنا پر آئیسکو ریجن میں مختلف دورانیہ کی لوڈ مینجمنٹ شروع کر دی گئی ۔جلد کوٹہ دستیاب ہونے پر بجلی کی جاری لوڈ مینجمنٹ ختم کر کے صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی شروع کر دی جائے گی ۔ آ ئیسکو حکام کے مطابق آج طے شدہ تمام 11 کے وی فیڈرز کی سالانہ مینٹی نینس کا کام منسوخ کر د یا گیا ہے تاہم تعمیراتی، جی ایس او اور پی ڈی جی ایس سی سے متعلقہ بجلی کی معطلی منظور شدہ شیڈول کے مطابق کی جائے گی ۔
ادھر واپڈا ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر آبی صورتحال تسلی بخش ہے ۔ تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد اور اخراج دونوں 18 ہزار کیوسک ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 5 ہزار 100 کیوسک جبکہ اخراج بھی 5 ہزار 100 کیوسک ہے ۔ چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 27 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 18 ہزار 600 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد اور اخراج 7 ہزار 900 کیوسک ہے جبکہ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد و اخراج دونوں 9 ہزار 300 کیوسک رپورٹ کیے گئے ہیں۔ واپڈا کے مطابق تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزروائرز میں قابلِ استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ 71 لاکھ 25 ہزار ایکڑ فٹ موجود ہے ۔