قائمہ کمیٹی خارجہ کو وینزویلا کی صورتحال پر اِن کیمر ا بریفنگ

قائمہ کمیٹی خارجہ کو وینزویلا کی صورتحال پر اِن کیمر ا بریفنگ

بین الاقوامی تعلقات مؤثر انداز میں برقرار رکھنے پر وزارتِ خارجہ حکام کی تعریف

 اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو وینزویلا کی صورتحال اور جنوبی امریکہ میں پاکستان کے سرکاری مؤقف اور آئندہ ممکنہ اثرات کے حوالے سے ایک جامع اِن کیمرا بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر آغا شاہ زیب درانی نے وزارتِ خارجہ اور اس کے حکام کی عالمی سطح پر پاکستان کے بین الاقوامی تعلقات کو مؤثر انداز میں برقرار رکھنے پر تعریف کی ۔سینیٹ قائمہ کمیٹی خارجہ امور کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر آغا شاہ زیب درانی کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اپوسٹیل تصدیق کے طریقۂ کار کے فریم ورک سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ اپوسٹیل تصدیق دنیا کے 112 ممالک میں تسلیم شدہ ہے ۔وزارت نے تیز رفتار عوامی خدمت کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تصدیق کے مقاصد کے لئے پانچ کوریئر کمپنیوں کی خدمات حاصل کی ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے وزارت کے حکام پر زور دیا کہ وہ کوریئر کمپنیوں کو بہتر سروس ڈیلیوری کے لئے مزید متحرک کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ درخواست گزاروں خصوصاً طلبہ کو کوریئر سروس کے ذریعے تصدیق کے انتخاب پر زیادہ سے زیادہ رعایت دی جائے ، چیئرمین کمیٹی سینیٹر آغا شاہ زیب درانی نے وزارت خارجہ امور اور بالخصوص نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تصدیق کے پورے عمل کو ڈیجیٹائز کیا جائے تاکہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا بے ضابطگی کی گنجائش باقی نہ رہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں