گند م 800 روپے فی من مہنگی ،آٹے کی قیمت بھی بڑھ گئی

 گند م 800 روپے فی من مہنگی ،آٹے کی قیمت بھی بڑھ گئی

10روز میں گندم کی قیمت 3700سے بڑھ کر 4500فی من تک جاپہنچی 20کلو آٹے والا تھیلا نایاب ،905روپے والا 10کلو 940روپے میں فروخت گندم کی سپلائی مستحکم:ٖڈی جی فوڈ،سندھ اورپشاور میں آٹابحران سنگین ہونے لگا

لاہور (عمران اکبر ، نیوز ایجنسیاں)پنجاب بھر میں گندم کی قیمت میں فی من 800روپے اضافہ ہوگیا ،10روز میں گندم کی قیمت 3700روپے فی من سے 4500روپے تک پہنچ گئی ،لاہور کے کئی علاقوں میں 20کلو والا آٹے کا تھیلا نایاب ہوگیاجبکہ 10کلو والے آٹے کے تھیلے کی قیمت 905روپے سے بڑھ کر 940روپے ہوگئی ،15کلو والا تھیلا 70روپے مہنگا ہوکر1570روپے میں بکنے لگا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں گندم 4450روپے فی من دستیاب ہے ،گندم کی قیمت بڑھنے سے اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمت پربھی اثرات مرتب ہوئے اور آٹا مہنگا ہوگیا۔لاہور میں باغبانپورہ،سوامی نگر ،گڑھی شاہو،پی آئی اے روڈ ،سندر،رائیونڈ ،جوہر ٹائون سمیت متعدد علاقوں میں 20کلو والاآٹے کا تھیلا نہیں مل رہا جبکہ 10کلو آٹا 940روپے میں فروخت ہورہاہے ۔

گوجرانوالہ اور گجرات میں گندم کی قیمت فی من 4500 روپے ہوگئی ،راولپنڈی میں گندم4800میں فروخت ہورہی ہے جبکہ اسلام آباد میں 4400روپے فی من میں دستیاب ہے ،ملتان میں گندم 4450،بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 4400روپے من بک رہی ہے ۔شہریوں کاکہناہے کہ مہنگائی بہت زیادہ ہے ،10کلو والاتھیلا 940روپے کا مل رہاہے ۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ امجد حفیظ کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں آٹے اور گندم کی سپلائی مستحکم ہے ، صوبے میں یومیہ آٹے کی کھپت کے لئے درکار گندم کا تقریباً 70 فیصد حصہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے 3ہزار روپے فی من کے کنٹرولڈ ریٹ پر فلور ملز کو فراہم کیا جا رہا ہے ،کنٹرولڈ ریٹ پر 16 ہزار میٹرک ٹن گندم 514 فلور ملز کو جاری کی گئی،14 جنوری کو صوبہ بھر میں تقریباً 20 لاکھ آٹے کے تھیلوں کی فراہمی یقینی بنائی گئی،10 کلو آٹا 905 روپے ، 20 کلو آٹا 1810 روپے میں دستیاب ہے ۔

مرکزی چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے گندم کی قلت کے باعث ریٹ بڑھا ،گندم ناپید ہونے جا رہی ہے ،جس کے اثرات سے آٹا مہنگا ہو رہا ہے ۔ضلع اٹک کے علاقے حضرومیں پولیس نے چھچھ انٹر چینج اور حضرو کے دیگر داخلی اور خارجی راستوں پر دوران چیکنگ بھاری مقدار میں آٹا، گندم اور چوکر سمگل کرنے کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے 24 ٹن آٹا اور 54 ٹن چوکر قبضہ میں لیکر بارہ مقدمات درج کرلئے جبکہ 13افراد کو حراست میں لیاہے ۔دوسری طرف صوبہ سندھ کے پسماندہ اضلاع بالخصوص ماتلی اور بدین میں گندم اور آٹے کا بحران خطرناک حد تک سنگین ہو گیا ہے ، جہاں اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمت 130 روپے فی کلو کے قریب پہنچ گئی جبکہ ایکس مل ریٹ پر 40 کلوگرام آٹے کا کٹہ تقریباً 5 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔ پشاورمیں فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے رمضان المبارک سے قبل صوبے میں آ ٹابحران کا خدشہ ظاہر کردیااوراس ضمن میں وفاقی وزارت فوڈ سکیورٹی کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں