فیڈریشن کامعاشی ایمرجنسی ، 5 سالہ صنعتی پالیسی کا مطالبہ
بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے ،صدر عاطف اکرام شیخ وزیراعظم جلد فیصلے کریں اور انڈسٹری کو بچا لیں :ایس ایم تنویر
اسلام آباد(آئی این پی)ایف پی سی سی آئی نے حکومت سے ملک میں معاشی ایمرجنسی کے نفاذ، 5 سالہ صنعتی پالیسی کا مطالبہ کر دیا ہے ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی ہی ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاشی ترقی کے لیے ملک میں پانچ سالہ صنعتی پالیسی لائی جائے ۔ اس کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے تاکہ صنعتوں کو چلایا جا سکے ۔ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ذکی اعجاز نے کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ حکومت فوری طور پر ملک میں معاشی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کرے ۔تاجر اور صنعتکار رہنماؤں کا یہ بھی کہنا تھا کہ شرح سود اس وقت زیادہ سے زیادہ سنگل ڈیجٹ 9 فیصد پر ہونا چاہیے ۔ مسائل کی وجہ سے بہت ساری صنعتیں یہاں سے منتقل ہو رہی ہیں۔ حکومت اور نجی شعبہ مل کرمعیشت اور صنعتوں کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کریں۔سابق وزیر صنعت ایس ایم تنویر نے کہا کہ جو انڈسٹری بند ہو چکی، وہ تو دوبارہ نہیں چل سکتی،وزیراعظم سے اپیل ہے جلد فیصلے کریں اور جو انڈسٹری وینٹی لیٹر پر ہے ، اس کو بچا لیں۔