ایمان مزاری اورہادی سمندرمیں ہوں یا آسمان پر،آج پیش کریں:جج

ایمان مزاری اورہادی سمندرمیں ہوں  یا آسمان پر،آج پیش کریں:جج

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے متنازعہ ٹویٹس کیس میں ملزمان ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ ایڈووکیٹ کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کیلئے ایک روز کی مہلت دیتے ہوئے حکم دیاکہ دونوں کو گرفتار کرکے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت پیش کیا جائے ۔

دوران سماعت ملزمان کی عدم پیشی پرجج نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسلام آباد میں وارنٹ پر عمل نہ ہونا کیا ثابت کرتا ہے ، جج افضل مجوکہ نے ڈی آئی جی سے کہا ان کو پاکستان سے اٹھائیں، انڈیا سے یا افغانستان سے 24 گھنٹے ہیں آپ کے پاس،وہ سمندر پر ہیں آسمان پر ہیں مجھے وارنٹ کی تعمیل چاہیے ،میں اس کو دیکھتا ہوں کیسے پیش نہیں ہوتے ،سماعت میں وقفے کے بعد ڈائریکٹر این سی سی آئی اے بھی عدالت میں پیش ہوگئے ،جج نے کہا اسلام آباد میں ایک بندہ آپ سے گرفتار نہیں ہوتا بلوچستان یا دوسرے صوبوں میں کیا کریں گے ،وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد چاہیے ۔ عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کردی۔ دوسری طرف ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں