کراچی : پلازے میں آتشزدگی، 3 جاں بحق، متعدد دکانیں جل گئیں

کراچی : پلازے میں آتشزدگی، 3 جاں بحق، متعدد دکانیں جل گئیں

گل پلازہ کے نائن فلور پر لگی آگ نے پوری عمارت لپیٹ میں لے لی،1ہزار سے زائد دکانیں موجود،30افراد زخمی کروڑوں کا سامان خاکستر، 8 فائر ٹینڈرز، اسنارکل ، واٹر باؤزر سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں، کئی افراد پھنسنے کی اطلاع

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے تجارتی مرکز ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی ہوگئے ، جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔جاں بحق ہونے والے افراد میں سے 2 کی عمریں 40 اور 42 برس بتائی جاتی ہیں۔ جاں بحق ہونیوالے ایک شخص کی شناخت سرفراز کے نام سے ہوئی ہے ، جس کی گل پلازہ میں کھلونوں کی دکان تھی۔ آگ شاپنگ پلازہ کے  نائن فلور پر لگی، جس نے تیسری منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گل پلازہ میں بیسمنٹ مارکیٹ بھی موجود ہے ۔دھویں کے باعث متعدد افراد کی بھی حالت غیر ہوگئی، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 8 فائر ٹینڈرز، ایک اسنارکل اور ایک واٹر باؤزر کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

چیف فائر افسر کا کہنا ہے کہ آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ پلازہ میں کئی افراد کے پھنسے ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ آگ شاپنگ پلازہ کے میز نائن فلور پر لگی، جس نے گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کی دکانوں، بیسمنٹ سمیت پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے متعدد دکانوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ شاپنگ پلازہ گراؤنڈ ، میز نائن پلس دو فلور زپر مشتمل ہے ۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاپنگ پلازہ میں ایک ہزار سے زائد دکانوں کی تعداد ہے ۔آتشزدگی کے باعث اطراف کے علاقوں میں تبت چوک سے گارڈن چوک ایم اے جناح روڈ اور انکل سریا چوک سے سینٹرل پلازہ تک ماسٹن روڈ بند کر دیا گیا۔ ٹریفک کو تبت چوک سے جوبلی کی طرف اور انکل سریا چوک سے ٹینکر چورنگی اور گارڈن چوک کی طرف منتقل کردیا گیا۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم بمعہ ایمبولینس اور فائر بریگیڈ ٹرک جائے وقوعہ پر روانہ کردئیے گئے ۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے آگ پر قابو پانے کا عمل جاری ہے ۔ سندھ رینجرز کے جوان بھی ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں۔ ترجمان واٹر بورڈ نے بیان میں بتایا کہ آتشزدگی واقعہ پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کی ، سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر نیپا اور صفورا ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے فوری طور پر واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ پر روانہ کردیے گئے ہیں۔ انچارج ہائیڈرنٹس سیل محمد صدیق تنیو فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں، آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ، واٹر کارپوریشن فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے ۔

ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا تھا آتشزدگی پر مکمل طور پر قابو پانے تک واٹر ٹینکرز کی فراہمی جاری رہے گی ۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری ہے ۔ وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے گل پلازہ آتشزدگی واقعہ پر حکام کو فوری طور پر ریسکیو اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو محفوظ راستے کی فراہمی کے لیے ٹریفک کے متبادل روٹس بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش اور تحقیق سے آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جائے ۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ گل پلازہ کو مکمل محفوظ اور سیکیور کیا جائے ،آگ مزید پھیلنے سے روکا جائے اور شاپنگ پلازہ تک فائر بریگیڈ گاڑیوں اور عملے کی رسائی کے لیے راستے کلیئر کیے جائیں۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے آتشزدگی واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری طور پر واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ آخری اطلاعات کے مطابق متاثرہ عمارت میں لگی آگ مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں